بلا تعطل جمہوری عمل سے غربت اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے: بلاول بھٹو

بلا تعطل جمہوری عمل سے غربت اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے: بلاول بھٹو

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جمہوریت ہی وہ واحد ضامن اور قابل عمل طرزِ حکمرانی ہے جو ایک لچکدار معاشرے کی نشو نما کرتی ہے، جبکہ پائیدار جمہوریت کی چابی یہ ہے کہ تمام جمہوری ادروں کو اس طرح سے مضبوط بنایا جائے کہ وہ موثر اورجوابدہ ہوں۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے منائے جانے والے عالمی یومِ جمہوریت کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پیپلزپارٹی چیئرمین نے عالمی ادارے کی جانب سے اس دن سے منسلک موضوع "جمہوریت اور تنازعات کی روک تھام" کی توثیق کرتے ہوئے زور دیا کہ مسلسل اور بلا تعطل جمہوری عمل ہی دنیا کے نقشے سے غربت، ناانصافی، انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کو یقینی بنا سکتا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ جمہوریت ہی وہ علاج ہے جس کے ذریعے پاکستان سمیت پوری دنیا میں مستقل امن اور استحکام ممکن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت معاشرے کے تمام حصوں کو تقویت دیتی ہے، خواتین اور کمزور طبقات کو بااختیار بناتی ہے، رواداری کو فروغ دیتی ہے اور انسانی معاشرے کو احترام اور بقائے باہمی کی بنیادوں پر استوار کرتی ہے۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے کہا کہ ان عالمی قوتوں نے، جنہوں نے پسماندہ ممالک میں آمریتی سانپ پالے، انسانیت کو بہت بڑا نقصان پہنچایا اور آج وہ تمام عفریتیں جن سے عالمی امن اور استحکام کو خطرہ ہے، وہ کسی نہ کسی صورت میں آمریتوں کی تخلیق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے لیئے اپنی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کے دوران پیپلزپارٹی نے بہت کچھ جھیلا ہے اور اس نے پاکستان میں آمریتوں کے خلاف لڑائی میں اپنی قیادت اور ہزاروں کارکنان کو گنوایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آمریتی قوتوں کی باقیات کے خلاف وہ جنگ آج بھی جاری ہے، جو پارٹی قیادت اور کارکنان کے خلاف کیچڑ اچھالنے سے لے کر جھوٹے مقدمات، کوڑے، تعزیریں، پھانسی گھاٹ، گولیوں، بم اور میڈیا ٹرائیل تک تمام حربے استعمال کر چکے ہیں۔ لیکن ہم اس نعرے کے ساتھ لڑ رہے ہیں کہ جمہوریت ہی بھترین انتقام ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے ہاتھوں ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے آزاد ہوا اور ہمارے سابق وزرائے اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت و عوام کے حقوق کی خاطر اپنے جانوں کی قرنبانیاں دیں اور اپنی جدوجہد کو ہماری نسل کی جانب منتقل کی۔ پیپلزپارٹی چیئرمین نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ہم اپنے بانیان کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے اور آمریتی اور سیاہ ادوار کی قوتوں کو شکست سے ہمکنار کریں گے اور جمہوریت کو مضبوط اور قانون و آئین کو بالادست بنائیں گے۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -