محکمہ صحت سندھ نے ادویات کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا

محکمہ صحت سندھ نے ادویات کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ کمیٹی کا اجلاس طلب کر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ہیلتھ رپورٹر) محکمہ صحت سندھ نے ادویات کی خریداری کیلئے 18ستمبر کو سینٹرل پروکیورمنٹ کمیٹی کی میٹنگ کا انعقاد جناح ہسپتال کے نجم الدین آڈیٹوریم میں بلالیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس محکمہ صحت سندھ کے سیکریٹری کی غفلت کے باعث اب تک ادویات کی خریداری کیلئے نہ ہی میٹنگ ہوئی اور نہ ہی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ اس سلسلے میں روزنامہ پاکستان نے اسپتالوں میں ادویات کی قلت کی نشاندہی کرتے ہوئے اپنی پہلی خبر 9ستمبر اور دوسری خبر 14 ستمبر کو شائع کی ،جس پر محکمہ صحت سندھ حرکت میں آگیا اور 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے کر منعقدہ میٹنگ میں ٹینڈرز جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کمیٹی میں ایڈیشنل سیکریٹری محکمہ صحت سندھ (پی ایم اینڈ آئی) کو چیئرمین ، پروفیسر بیکنا رام ، پروفیسر آف میڈیسن لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز جامشورو کو ممبر ، پروفیسر امجد سراج میمن، پروفیسر آف سرجری ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کراچی کو ممبر، پروفیسر طارق محمود، پروفیسر آف ریڈیالوجی جناح ہسپتال کو ممبر ، ڈاکٹر صفیہ ظفر ، پروفیسر ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کو ممبر، ایم شفیع قریشی ایڈیشنل ڈائریکٹر ، ڈائریکٹوریٹ آف فارمیسی کو ممبر اور ڈپٹی سیکریٹری صحت (پی ایم اینڈ آئی) کو بھی ممبر بنایا گیا ہے۔ سینٹرل پروکیورمنٹ کمیٹی پیر 18 ستمبر کو ٹینڈرز جاری کرنے کی منظور ی دے گی تاکہ ایکسرے فلمز اور ادویات کو ملک کی معیاری فارماسیوٹیکل کمپنیوں سے خریدا جاسکے۔