نوکریوں کی بوگیا ں لگانے والے کس منہ سے تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں : محمود خان

نوکریوں کی بوگیا ں لگانے والے کس منہ سے تحریک انصاف پر تنقید کر رہے ہیں : ...

  

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل ‘ثقافت‘میوزیم وامورنوجوانان اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ پختونوں کے حقوق کے علمبرداروں اور خپلہ خاورہ خپل اختیار کے نعرے لگا نے والوں نے صوبے میں ایزی لوڈ اور ایس ایم ایس کلچر کو فروغ دیا تھا مگرپی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے بہتر قانون سازی کے ذریعے شفاف حکمرانی قائم کرکے صوبے کے حقوق کی لوٹ مار اور ماضی کی چوری ولوٹ کھسوٹ کا کلچر ہمیشہ کیلئے دفن کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تعمیر وترقی پائیدار آمن وامان قائم رکھنے کیلئے انقلابی انقدامات کئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ ملک میں صاف ستھری سیاست بھی متعارف کروادی ہے جو تبدیلی کی علامت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چپریال کنڈاؤ مٹہ سوات میں شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پراے این پی کے اہم اور سرکردہ کارکنان جن میں باچا حسین‘باچا سید‘شجاعت علی خان‘محمد نعیم‘سعید ‘ابرار‘عطاء اللہ‘کریم اللہ ‘کلیم اللہ اور رحیم اللہ نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ مستعفی ہوکر پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔واضح رہے کہ ان سرکردہ شخصیات کی شمولیت سے تحصیل مٹہ سوات میں اے این پی کو زبر دست دھچکا لگا اور پی ٹی آئی مذید مضبوط قوت بن گئی۔ جلسے سے تحصیل مٹہ کے ناظم عبداللہ خان نے بھی خطاب کیا۔محمود خان نے پی ٹی آئی میں نئے شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔اس موقع پرانہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کے پاس آلہ دین کا چراغ نہیں جو 70سالوں کا گند اتنی جلدی صاف کرے۔صوبے میں تبدیلی محسوس نہ کرنے والے اپنی آنکھوں کا علاج کرائیں۔محمود خان کا کہناتھا کہ گزشتہ دور حکومت میں نوکریوں کی بولیاں لگانے والے کس منہ سے تحریک انصاف پر تنقید کررہے ہیں۔انہوں نے مذید کہا کہ اداروں میں اصلاحات اور ہسپتالوں سمیت سکولوں سے مافیاکا خاتمہ مخالفین سے برداشت نہیں ہوتا ۔ جب پی ٹی آئی نے حکومت سنبھالی تو اس وقت سرمایہ کار صوبے میں سرمایہ کاری سے گھبراتے تھے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں اور اچھی کارکردگی کی وجہ سے اب باہر سے بڑی تعداد میں لوگ پیسہ انوسٹمنٹ کرنے کیلئے خیبر پختونخوا آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ سی پیک صوبے کا مستقبل بنائے گااورپورے صوبے میں صنعتی زون بنیں گے جس سے صوبے میں بے روزگار اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم ہونے کے ساتھ ساتھ صوبے کی معاشی حالت بھی بہتر ہوجائیگی

مزید :

کراچی صفحہ اول -