چارسدہ ،ڈینگی وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس کی عدم موجودگی

چارسدہ ،ڈینگی وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس کی عدم موجودگی

  

چارسدہ(بیورو رپورٹ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال چارسدہ میں ڈینگی وائرس کے تشخیص کیلئے کٹس کی عدم موجود گی نے محکمہ صحت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا۔محکمہ صحت کو کئی بار یاد ہانی کی گئی مگر کٹس فراہم نہیں کئے جا رہے جس کی وجہ سے مریضوں کو تشخیص کیلئے پشاور جانا پڑتا ہے ۔تحصیل کونسل کے ممبر نے کٹس خریداری کیلئے عطیہ کا اعلان کیا جس پر پونے پانچ لاکھ روپے مالیت کے کٹس خریدے گئے مگر نجی کمپنی کوادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے کٹس استعمال نہیں ہو رہے ۔تفصیلات کے مطابق چارسدہ کے 20لاکھ عوام کیلئے قائم بی کیٹیگری کے حامل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوآرٹر ہسپتال چارسدہ میں ڈینگی وائر س کے تشخیص کیلئے محصوص کٹس کی عدم موجود گی نے محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ۔ اس حوالے سے رابطہ کرنے پرڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ کے ڈی ایم ایس ڈاکٹر اعجاز خان نے بتایا کہ ابھی تک ڈائریکٹریٹ کی طر ف سے ڈینگی وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس فراہم نہیں کئے گئے جبکہ اس حوالے سے بار بار ڈائریکٹریٹ کو تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کٹس کی عدم مو جود گی کی وجہ سے مریضوں کو تشخیص کیلئے پشاور ریفر کیا جا رہا ہے ۔اس حوالے سے ڈی ایچ او چارسدہ ڈاکٹر نیک نواز نے کہا کہ محکمہ صحت کے ذمہ دار حکام سے کٹس خریداری کیلئے رابطہ کیا گیا ہے اور بہت جلد کٹس دستیاب ہونگے جس کے بعد چارسدہ کے تمام ہسپتالوں میں ڈینگی وائر س کے تشخیص ممکن ہو سکے گی ۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال چارسدہ کے لیب انچارج جاوید خان نے اس حوالے سے بتایا کہ عوامی شکایات پر تحصیل کونسل کے ممبر صمد باچا نے 10ستمبر کو کٹس کی خریداری کے لئے عطیہ دینے کا اعلان کیا جس پر ہسپتال انتظامیہ نے ایک نجی کمپنی سے 4لاکھ 70ہزار وپے مالیت کے 300کٹس خرید لئے اور ہسپتال میں آنیوالے 70مریضوں کے ڈینگی وائرس ٹسٹ کئے گئے لیکن نجی کمپنی کو تاحال ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے تشخیص کی سہولت دوبارہ بند کی گئی ہے ۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ اس حوالے سے جب تحصیل کونسل کے ممبر صمد باچا سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے انکشاف کیا کہ صرف 43ہزار روپے عطیہ دینے کا وعدہ کیا ہے جو بہت جلد ان کو ادا کی جائیگی ۔ہسپتال انتظامیہ نے اپنی طرف سے پونے پانچ لاکھ روپے کے کٹس خریدے ہیں جس سے بری الزمہ ہے ۔

مزید :

کراچی صفحہ اول -