تعلیم کے بغیر ملک و قوم کی ترقی ممکن نہں : عاطف خان
پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے متعلقہ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ گورنمنٹ سینٹنیل ماڈل سکول نمبر 2 بنک روڈ مردان کی از سر نوتعمیر کاکام جلد از جلد شروع کریں تاکہ مردان شہر کے اس اہم تعلیمی ادارے کی عمارت جو زلزلے سے متاثر ہوئی کی جلد از جلد تعمیر کو یقینی بنایا جاسکے ۔وہ سکول کے دورے کے موقع پر متعلقہ حکام سے بات چیت کررہے تھے ۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر اعجاز علی ،ضلع کونسل کے رکن شیر بہادر خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔ سکول کے پرنسپل نے وزیر تعلیم کو سکول کی کارکردگی کے حوالے سے بتایا کہ شہر کے وسط میں واقع یہ سکول سالہا سال سے سو فیصد نتائج دے رہا ہے جس کی وجہ سے سکول پر طلبہ کا کا فی رش ہے ۔اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ سکول کی عمارت کی تعمیر قلیل عرصے میں مکمل کی جائے تاکہ طلبہ بہتر ما حول میں تعلیم حاصل کرسکیں ۔محمد عاطف خان نے کہا کہ تعلیم ہی ہمارے مسائل کا حل ہے اور اسی وجہ ہماری حکومت تعلیمی شعبے کی ترقی پر بھر پور توجہ دے رہی ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اس سکول کی ازسر نو تعمیر پر پانچ کروڑ روپے لاگت آئے گی ۔اُنہوں نے ہدایت کی کہ سکول کی نئی عمارت میں آئی ٹی لیبارٹری بھی بنائی جائے ۔صوبائی وزیر کلاس رومز میں بھی گئے اور طلبہ سے ان کی پڑھائی کے بارے میں بات چیت کی ۔دریں اثنا ء صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے اپنے حلقہ نیابت کے علاقے فارم کورونہ کا دورہ کیا جہاں نے اُنہوں نے دو مقامی مساجد میں اپنے فنڈ سے مکمل کیے گئے تزئین وآرائش کے کام کا معائنہ کیا ۔اس موقع پر مقامی افراد اور مساجد کے خطباء سے اپنے بات چیت میں وزیر تعلیم نے کہا کہ مساجد مسلمانوں کی اجتماعیت کا مرکز ہیں جن کا خیال رکھنا سب پر فرض ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ مساجد میں سولر سسٹم اور الیکٹرک کولرز کی تنصیب کے لیے کثیر رقوم مختص کی گئی ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ فارم کورونہ میں ترقیاتی کاموں پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے ہیں اور علاقے کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جارہے ہیں ۔قبل ازیں یونین کونسل فاطمہ کے ایک وفدنے صوبائی وزیر تعلیم سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی اور ان کو اپنے علاقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر تعلیم نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی کے 30 میں ایک ارب روپے سے زیادہ کی لاگت سے ایک سو کلومیٹرز سڑکیں تعمیر کی گئی ہیں جبکہ درجنوں نئے سکولوں اور جنازہ گاہوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ سینکڑوں ٹرانسفارمرز اور ہزاروں پول نصب کیے گئے ہیں ۔اُنہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ دلاسہ ۔فاطمہ روڈ کی تعمیر کے لیے بھی فنڈز مختص کیے جائیں گے ۔وفد کے ارکان نے علاقے کی تعمیر وترقی کے لیے محمد عاطف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔۔