محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں لپر من و عن عملدرآمد ہو گا:ڈپٹی کمشنر کوہاٹ

محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں لپر من و عن عملدرآمد ہو گا:ڈپٹی کمشنر ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ اکمل خان خٹک نے تمام مکاتب فکر اور مسالک کے علماء کرام اورعوام سے اپیل کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے دوران ضلع میں امن و امان قائم رکھنے اور اہل تشیع کے زیر اہتمام تمام ماتمی جلوسوں اور مجالس عزاء کے پرامن انعقاد کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپورتعاون کریں اور امن دشمن اور شر انگیز قوتوں کے مزموم عزائم کو ناکام بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ کسی کوامن میں خلل ڈالنے اور نہ ہی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت دی جائے گی اور محرم الحرام کے حوالے سے کئے گئے فیصلوں پر من وعن عملدراآمد ہو گا۔یہ اپیل انہوں نے جمعہ کے روز اپنے دفتر میں اہل سنت والجماعت او ر اہل تشیع کے علماء کرام و اکابرین کے الگ الگ جرگوں سے خطاب کے دوران کی۔اس موقع پر دوسروں کے علاوہ ضلع ناظم کوہاٹ محمد نسیم آفریدی ،ڈی پی اوکوہاٹ جاوید اقبال،پاک آرمی کے کرنل شہزاد، اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ محترمہ گل بانو، دونوں مسالک کے علماء کرام ،مختلف سیاسی پارٹیوں کے رہنما ،تاجر برادری کے نمائندے اور عمائدین علاقہ بھی موجود تھے۔شرکاء اجلاس نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لئے مفید تجاویز دیتے ہوئے انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ڈپٹی کمشنر نے تمام مسالک کے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ اپنے خطبات میں صبر وتحمل، اتفاق و اتحاد، قومی یگانگت، اخوت و بھائی چارے کے فروغ اور برداشت کا درس دیں اور اشتعال انگیزی پھیلانے سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ نہ صرف حکومت بلکہ پوری قوم کی خواہش ہے کہ ملک بھر میں محرم الحرام خیر و عافیت سے گزرے اور کوئی ناخوشگوار واقع رونما نہ ہو۔ انہوں نے یقین دلایا کہ قوم کے وسیع تر مفاد کے پیش نظرمحرم الحرام کے پر امن انعقاد کے لئے تمام مسالک کے علماء کرام اور اکابرین کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا ۔انہوں نے سیکورٹی اداروں کے حکام سے کہا کہ وہ محرم الحرام کے دوران مقامی آبادی کا خصوصی خیال رکھیں اور شرپسند عناصر کی ملک دشمن سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں