آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے کامیابی حاصل کرینگے،عارف علوی

آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے کامیابی حاصل کرینگے،عارف علوی

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں مرکز سمیت سندھ میں بھی تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔ کراچی سے لے کر اوباڑو تک 98فیصد عوا م پیپلز پارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار سے تنگ آچکی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزرا ء آئندہ انتخابات جیتنے کے خواب دیکھ رہے ہیں جو کہ یہ خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ جس طرح ان کی مک مکا کی سیاست کی وجہ سے پنجاب اور کے پی کے سے پیپلز پارٹی سکڑ کر سندھ تک محدود ہوگئی ہے جو کہ آئندہ عام انتخابات میں سندھ سے بھی زرداری گروپ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ سندھ کا نوجوان تعلیم ، صحت اور روزگار سے محروم ہے ۔ لاکھوں نوجوان ڈگریاں لے کر دربدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ۔ زرداری اور انکا خاندان سندھ کے نوجوانوں کو میرٹ پر نوکریاں دینے کے بجائے لاکھوں روپے بٹورنے میں مصروف ہیں ۔ یہ باتیں انہوں نے 19ستمبر کو حیدر آباد میں ہونے والے جلسہ عام کے سلسلے میں حیدر آباد ڈویژن کے مختلف اضلاع کے عہدیدوں سے پارٹی سیکریٹریٹ ’’انصاف ہاؤس ‘‘ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر ارسلان آغا، دیوان سچل، الیاس شیخ ،دوا خان صابر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ سندھ کے نوجوان اور سیاسی ورکرز تحریک انصاف کی قیادت کی طرف دیکھ رہے ہیں ۔ گزشتہ کئی ماہ سے سندھ میں تحریک انصاف کے کامیاب جلسوں نے پیپلز پارٹی کو خوفزدہ کردیا ہے اور اس وقت زرداری گروپ کی سندھ حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ سرکاری مشینر ی کے ذریعے تحریک انصاف کے جھنڈے ، بینرزاور پوسٹر اتارنے میں لگے ہوئے ہیں ۔سندھ حکومت کرپٹ بیوروکریسی اور پولیس انتظامیہ کے ذریعے تحریک انصاف کے عہدیداروں اور کارکنان پر جھوٹے اور من گھڑت مقدمے قائم کر رہے ہیں ۔تحریک انصاف کے ورکرزرداری گروپ کے اوچھے ہتھکنڈوں سے خوفزدہ نہیں ہونگے ۔ سندھ میں بھی تبدیلی کا سفر جاری و ساری رہے گا ۔ حیدر آباد کے جلسے کے بعد میر پور خاص، نواب شاہ، لاڑکانہ، شکار پور، گھوٹکی، عمر کوٹ اور دیگر اضلاع میں بھی چیئرمین عمران خان کی قیادت میں عظیم الشان جلسے منعقد کریں گے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ کرپشن کے بادشاہوں کا پاکستان بھر سے قلع قمع کرنا تحریک انصاف کے اولین فرائض میں شامل ہے۔ جس نے بھی پاکستانی قوم کے وسائل کو لوٹا ہے ان سے ایک ایک پائی کا حساب لیا جائے گا اور ان سب چوروں کااحتساب کے کٹہرے سے گزر کر جیلوں تک جانا مقدر بن چکا ہے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -