پی آئی اے اسکاؤٹس کے تحت ہفتہ اسکاؤٹنگ پرسماجی سرگرمیاں

پی آئی اے اسکاؤٹس کے تحت ہفتہ اسکاؤٹنگ پرسماجی سرگرمیاں

  

کراچی(اسٹاف رپورٹر) نائب صوبائی سیکرٹری پی آئی اے اسکاؤٹس شمس خاں نے کہا ہے کہ اسکاؤٹ تحریک با ہمی امن ،محبت ،بھائی چارہ اور خدمت خلق کا عالمگیر پیغام دیتی ہے۔بہتر معاشرہ اور بہتر نسل کی تشکیل کیلئے ہمیں مزید اقدامات کرنے ہونگے یہ بات انہوں نے پی آئی اے صوبائی ہیڈ کوارٹرز پر قومی ہفتہ ا سکاؤٹنگ کی اختتامی تقریب سے صدارتی خطاب میں کہی۔سیکرٹری ایونٹس غلام قادر اور سیکرٹری ایڈمن ملک سلیم اقبال پروگرام آرگنائزر تھے۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ورلڈ اسکاؤٹس اسلامک کمیٹی آف امریکہ سید ا حتشام نقوی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔سیکرٹری پبلک ریلیشنز سید محبوب قادری کے مطابق پی آئی اے اسکاؤٹس کے تحت ملک بھر میں کراچی ،کوئٹہ،ملتان ،فیصل آباد،لاہور،اسلام آباد اورپشاور پی آئی اے اسکاؤٹس ہیڈ کوارٹرز پر ڈسٹرکٹ کمشنرز نے پرچم کشائی سے تقریبات کا آغاز کیا اور سینکڑوں روور اسکاؤٹس، گرلز ،بوائز اور شاہین اسکاؤٹس نے سوشل سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ (کے بی او ) ڈسٹرکٹ کے تحت اسکاؤٹس نے راشد منہاس شہید کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ انجینئرنگ ڈسٹرکٹ کے تحت اسکاؤٹس دستوں نے امن واک میں حصہ لیا ۔ماڈل اسکول ڈسٹرکٹ کے تحت اسکاؤٹس نے شجر کاری مہم میں ۲۰۰ سے زائد پودے لگائے۔گرل اسکاؤٹ ڈسٹرکٹ کے تحت اسکاؤٹس نے ہل پارک جنرل ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی، پھولوں کے گلدستے اور تحائف تقسیم کئے۔اکیڈیمی ڈسٹرکٹ کے تحت اسکاؤٹس نے گلستان جوہر چوک پر ٹریفک پولیس کے ہمراہ ٹریفک کنٹرول میں حصہ لیا۔ پمفلٹ، بینرز اور ہینڈ بلزکے ذریعے زندگی کی حفاظت ،حادثات سے بچنے کی تدابیر ۔زیبرہ کراسنگ پر معزوروں اور ضعیفوں کی مدد کیلئے اگاہی فراہم کی گئی ۔صوبائی عہدیداران سید محبوب قادری،غلام قادر بلوچ،محمد طارق اور ثناء اﷲ بزنجو نے تمام پروگراموں کی سرپرستی کی ۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -