قومی شاہراؤں پرلوگوں کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے،کلیم امام

قومی شاہراؤں پرلوگوں کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے،کلیم امام

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے پولیس کے افسران سے کہا ہے کہ قومی شاہراہوں پر لوگوں کی حفاظت اور ان کی مدد کرنا ہماری پہلی اور اولین ذمہ داری ہے اور موٹروے پولیس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہم سب کو مل کرکام کرنا ہے۔ افسران روڈ یوزرز کے ساتھ انتہائی خوش اخلاقی اور عزت کے ساتھ پیش آ ئیں، قانون کی یکساں حکمرانی کو ہر حال میں یقینی بنائیں اور عوام سے ڈیلنگ کے وقت کسی قسم کی تفریق روا نہ رکھیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج موٹروے زون کے دورہ کے موقع پر افسران سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ڈی آئی جی موٹروے غلام رسول زاہد، ایس ایس پی M-2(ساؤتھ) کامران عدیل، ایس ایس پی M-2(نارتھ)شہریار سکندر، ایس ایس پی M-1 آفتاب محسود بھی دورہ کے موقع پر موجود تھے ۔ ڈاکٹر سید کلیم امام نے کہا کہ موٹروے پولیس ایک ایسا ادارہ ہے جس پر ہر پاکستانی فخر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کا فرض ہے کہ اس ادارے کی عزت اور ساکھ کی ہر قیمت پر حفاظت کریں اور کسی بھی صورت اس پر کوئی داغ نہ لگنے دیں ، مشکل میں گھرے ہوئے روڈ یوزرز کی مدد کرکے ہم ناصرف اپنے ذاتی فرض کو ادا کرتے ہیں بلکہ یہ ہمار ے اخلاقی اور مذہبی فریضہ کی ادائیگی بھی ہے اور یہ یہی اس ادارے کا طرہ امتیاز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ روڈ یوزرز کو بروقت اور موثر مدد فراہم کی جائے ۔ انسپکٹر جنرل ، نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے موٹروے زون کے دورہ کے مو قع پر آفیسران کے مسائل اور تجاویز سنیں اور ان کے حل کے لئے فوری احکامات جاری کئے ۔ دورہ کے آخر پر ڈی آئی جی موٹروے غلام رسول زاہد نے انسپکٹر جنرل ڈاکٹر سیدکلیم امام کو سوینیر پیش کیا۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -