صدرآزادکشمیر نے برطانیہ سے آئے کرکٹ کھلاڑیوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا

صدرآزادکشمیر نے برطانیہ سے آئے کرکٹ کھلاڑیوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا

  

مظفر آباد(بیورورپورٹ)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد مسعود خان نے گزشتہ روز آزاد کشمیر کے دورے پر آئے ہوئے برطانوی صحافی اور مصنف پیٹراوبورن کی قیادت میں آئرلینڈ، سکاٹ لینڈ اور برطانوی کرکٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ جس میں وزیر جنگلات سردار میر اکبر، وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد سعید، ارکان اسمبلی عبدالماجد خان، نسیمہ وانی، پیر علی رضا بخاری، سیکرٹری صاحبان، دانشور حضرات، سول سوسائٹی کے ارکان اور صحافیوں نے شرکت کی۔عشائیے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر پیٹر اوبورن نے کہا کہ آزاد کشمیر آ کر انہیں دلی مسرت ہوئی ہے اور وہ یہاں کی خوبصورت اور قدرتی حسن اور لوگوں کی مہمان نوازی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ہم کرکٹ کے ذریعے آزاد کشمیر اور یورپی ممالک کے دورمیان دوستی کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کے اس پار کے حالات جان کر افسوس ہوا ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے مہمان کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کا برطانیہ کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔ برطانیہ میں تارکین وطن کی سب سے بڑی تعداد آباد ہے۔ کرکٹ ہماری قدر مشترک ہے۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے اُس پار مقبوضہ کشمیر کی صورتحال ہولناک ہے۔ وہاں ہمارے بہن بھائیوں کو قابض افواج انکی اپنی سرزمین پر قتل کر رہی ہے۔ عالمی برادری صورتحال پر بے حسی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ دنیا انسانیت کے ناطے کشمیریوں کی مدد کرے۔

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -