آزادکشمیر حکومت کو نوازشریف کی مکمل حمایت حاصل ہے،طارق فاروق

آزادکشمیر حکومت کو نوازشریف کی مکمل حمایت حاصل ہے،طارق فاروق

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

مظفر آباد(بیورورپورٹ) سینئر وزیر آزاد کشمیر حکومت چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت مسلم لیگ ن پاکستان کیساتھ وابستہ ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کے نتیجہ میں عوام کی بھرپور تائید و حمایت سے یہ حکومت قائم ہوئی ہے جسے میاں محمد نواز شریف کی مکمل حمایت حاصل ہے ۔ میاں محمد نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں تعمیر و ترقی ، خوشحالی کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے آزاد کشمیر کو اپنے ترقیاتی ویژن کے عین مطابق قومی ترقیاتی عمل میں شریک بنایا۔ میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے حوالے سے تمام معاملات میں خصوصی دلچسپی لی ہے ۔ تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے انہوں نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے آواز بلند کی اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی ۔ آزاد کشمیر حکومت کے اختیار میں اضافے کیلئے عبوری آئین میں ترامیم کیلئے مجوزہ متفقہ آئینی ترامیم میں عملدرآمد کیلئے آزاد کشمیر حکومت کے موقف کو پذیرائی دی اور باضابطہ کمیٹی قائم کی ۔ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی و کے معاملات پر آزاد کشمیر حکومت کے زعماء کیساتھ مشاورت کی ۔ اہم ایشوز ، آئینی ، تعمیر و ترقی ، انتظامی معاملات پر آزاد کشمیر حکومت کے موقف کی تائید پر ہم ان کے شکرگزار ہیں اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔ انہوں نے واضح کیا کہ منگلا ڈیم رائیلٹی ، نیلم جہلم پراجیکٹ پر معائدہ ، واٹر یوز چارجز اور منگلا ڈیم ریزنگ کے تصفیہ طلب معاملات پر میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر حکومت کے موقف کو سنا اور دی گئی تجاویز پر عملدرآمد بھی کیا ۔ ماضی میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ پاکستان سے کسی وزیراعظم نے آزاد کشمیر کے معاملات پر ایسی دلچسپی لی ہو۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا کہ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی سے توقع ہے کہ وہ آئینی ترامیم کے حوالے سے کی گئی پیشرفت کو آگے بڑھائیں گے اور کمیٹی کے اجلاس بلا کر آزاد کشمیر کے حوالے سے تمام زیر کار معاملات پر عملی پیشرفت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ حکومت میاں نواز شریف کی سوچ و فکر کا تسلسل ہے ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس رواں ماہ ہونا ہے جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی شریک ہونگے ۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ وہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر کے حوالے سے موثر بات چیت کرینگے اور کشمیریوں کے جذبات کی ترجمانی کرینگے۔ان کے بے باکانہ طرز عمل کیساتھ کشمیریوں کی حوصلہ افزائی کی توقع ہے ۔ کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت میں ان کی عالمی فور م پر بات تحریک آزادی کشمیر کیلئے تقویت کا باعث ہوگی اور باہمی اعتماد مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا حکمران آتے اور چلے جاتے ہیں لیکن لیڈر ہمیشہ تاریخ میں کسی نہ کسی حوالے سے زندہ رہتے ہیں ۔ میاں محمد نواز شریف اپنے طرز عمل اور سوچ و فکر کیوجہ سے تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ انہیں ایک طرز عمل کے ذریعہ اقتدار سے الگ کردیا گیا مگر وہ ہماری سو چ و فکر کے اندر ہمیشہ زندہ رہیں گے ۔ ان کی پالیسیوں کا تسلسل اس بات کا واضح ثبوت ہے ۔ انہوں نے ایوان سے میاں محمد نواز شریف کے اعتراف میں متفقہ قرارداد منظور کرنے کی استدعا کی جسے منظور کرلیا گیا۔ قانون ساز اسمبلی نے برما میں روہنگیا مسلمانوں پر تشدد کی مذمت کی اس حوالے سے قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ جس طرح روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی ہے اسی طرح گزشتہ 70سال سے بھارتی جبر کا سامنا ہے ۔ مسلم امہ کو اس پر تشویش ہونی چاہیے ۔ حکومتوں کی اپنی مجبوریاں ہوتی ہیں مگر ملت اسلامیہ کے جذبات ایک جیسے ہیں ۔ ہم نے بھی اسی طرح تکلیف محسوس کی ہے جس طرح دنیا بھر کے مسلمانوں نے ، حکومتوں کے طرز عمل اپنی جگہ لیکن مسلمانوں کو ریاستی جبر کیخلاف میانمار میں برپا کی گئی انسانیت سوزی کا نوٹس لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا میڈیا نے دیر سے ہی سہی اب بہتر کام شروع کیا ہے ۔ سوشل میڈیا کا اس حوالے سے موثر کردار ہے ۔چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ پاکستان مشکلات کا شکار ہے اور عالمی سطح پر کشمیریوں کا واحد وکیل ہے ۔ بین الاقوامی حالات کے تناظرمیں چلنا پڑتا ہے اس کے باوجود میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف احتجاج کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی کی اپنی حدود اور اختیار ہیں اور ہمیں ان حدود کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہوتا ہے ۔ سینئر وزیر نے ممبران اسمبلی عبدالرشید ترابی ، سردار عتیق احمد خان اور عبدالماجد خان کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کی بھی تائید کی اور مقبوضہ کشمیر میں مسلم آبادی کا تناسب بگاڑنے کیلئے بھارتی حکمرانوں کی مبینہ کوششوں کی شدید مذمت کی ۔