شاہین قومی پرچم کو سلامی دینے آج واہگہ بارڈر جائیں گے، اینڈی فلاور ایک روز کیلئے پاکستان کے مہمان بن گئے

شاہین قومی پرچم کو سلامی دینے آج واہگہ بارڈر جائیں گے، اینڈی فلاور ایک روز ...
شاہین قومی پرچم کو سلامی دینے آج واہگہ بارڈر جائیں گے، اینڈی فلاور ایک روز کیلئے پاکستان کے مہمان بن گئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) آزادی کپ میں اونچی اڑان بھرنے والے شاہین آج قومی پرچم کو سلامی دینے واہگہ بارڈر جائیں گے، دوسری جانب ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور ایک روز کیلئے پاکستان کے مہمان بن گئے ہیں، جائلز کلارک نے کہا کہ پاکستانی عوام کرکٹ سے عشق کرتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم آج (ہفتہ کو) آزادی کپ کی فتح اور پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کے جشن کو حتمی شکل دینے واہگہ بارڈر پر قومی پرچم کو سلامی دینے جائے گی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب نے قومی ٹیم کو پرچم اتارنے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ ڈی جی رینجرز کی دعوت پر لاہور میں موجود کھلاڑی آج واہگہ بارڈر جائیں گے جہاں وہ پنجاب رینجرز کی پریڈ دیکھیں گے اور پرچم اتارنے کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے ۔

دوسری جانب ورلڈ الیون کے کوچ اینڈی فلاور کا بھی پاکستان میں دل لگ گیا ہے ، انہوں نے اپنے شاگردوں (ٹیم ورلڈ الیون) کو رخصت کرکے خود پاکستان میں ایک روز کیلئے رکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کے چھوٹے بھائی گرانٹ فلاور پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔ گرانٹ فلاور نے اپنے بڑے بھائی کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے دورے کی دعوت دی تھی جو انہوں نے قبول کرکے این سی اے کا دورہ بھی کیا ہے۔

علاوہ ازیں آئی سی سی نے آزادی کپ کے کامیاب انعقاد پر پاکستان کو مبارکباد دی ہے۔ پی سی بی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام کی ورلڈ الیون کیلئے محبت انمول تھی، انہوں نے آزادی کپ کے دوران کرکٹ سے عشق اور مہمانوں کے استقبال کے شاندار مناظر دیکھے۔ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو ڈیوڈ رچرڈسن کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی واپسی کیلئے پی ایس ایل فائنل پہلا اور ورلڈ الیون کی آمد دوسرا قدم ہے۔

مزید :

کھیل -اہم خبریں -