امریکا کی جوہری میزائل سے لیس سب میرین شمالی کوریا بھیجنے کا فیصلہ:غیر ملکی میڈیا کا دعویٰ
واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکا نے شمالی کوریا کو سبق سکھانے کےلیے جوہری ہتھیاروں سے لیس سب میرین شمالی کوریا بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی اسٹار کی رپورٹ کے مطابق امریکی دفاعی چیف، ایشیا پیسیفک میں 20سال بعد پہلی بارجوہری ہتھیاروں سے لیس سب میرین لانچ کر سکتے ہیں۔شمالی کوریا کی جانب سے لگا تار جوہری تجربوں سے امریکا کی پریشانی میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ ہایڈروجن بم کے تجربے کے بعد امریکا جواب میں جوہری ہتھیار استعمال کر سکتا ہے۔شمالی کوریا کی جانب امریکا کا جوہری ہتھیار بھیجنا بڑھتے ہوئے بحران میں واضح تبدیلی لا سکتا ہے۔
سابق امریکی صدر جارج ایچ ڈبلیو بش کے حکم پر 1991میں جنوبی کوریا سے جوہری ہتھیار واپس ہٹا لیے گئے تھے، کیونکہ شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی جوہری پروگرام کی تردید کی گئی تھی۔لیکن دو دہائیوں کے بعد پیانگ یانگ جوہری ہتھیاروں کے پروگرام میں کھل کر سامنے آ رہا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا نومبر میں جنوبی کوریا کا دورہ متوقع ہے جس میں شمالی کوریا کی صورتحال زیر بحث لائی جائے گی۔
شمالی کوریا کے قریب جوہری ہتھیا روں کی تنصیب کی تجویز امریکی ریاست ہوائی کے سینیٹر کی جانب سے دی گئی تھی۔ اس تجویز میں جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ جوہری جنگی مشقوں کی بھی بات کی گئی۔اس ماہ کے اوائل میں امریکا اور جنوبی کوریا کے فوجی سربراہوں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کی تنصیب کی گفتگو ہوئی تھی تاہم سیکورٹی بنا پر اس پر پردہ رکھا گیا۔