سعودی عرب: حوثیوں کی جانب سے جازان پر داغا جانے والامیزائل دفاعی نظام نے فضا میں مار گرایا
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے سعودی عرب پر ایک نیا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ "جمعے کی شام مقامی وقت کے مطابق ٹھیک 6:38 پر یمن کے صوبے صعدہ میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے داغا جانے والا بیلسٹک میزائل مار گرایا گیا جو کہ جازان کی سمت جا رہا تھا"۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ میزائل دانستہ طور پر گنجان آباد علاقے کی جانب داغا گیا تاہم واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،کرنل ترکی المالکی نے حوثیوں کی طرف سے شہری آبادی کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں 2231 اور 2216 کی مسلسل خلاف ورزی قرار دیا۔