وزیراعظم ہاکی کی بحالی کیلئے تبدیلی لاسکیں گے؟

وزیراعظم ہاکی کی بحالی کیلئے تبدیلی لاسکیں گے؟

پاکستان ہاکی میں دن بدن تنزلی کا ظکار ہے اور جس طرح ماضی میں پاکستان ہاکی میں پوری دنیا میں ایک روشن ستارہ تھا اب تیزی سے مانند پڑتا جارہا ہے قومی ہاکی ٹیم کی مسلسل ناکامیوں کے سدباب پر اگر نظر دوڑائی جائے تو پاکستان ہاکی فیڈریشن کی عدم توجہ کی وجہ سے آج اس صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور ماضی میں جتنی بھی حکومتیں آئیں انہوں نے اس کھیل میں ترقی کے دعوے تو بہت کئے، مگر افسوس عملی طور پر کچھ نہیں کرسکے گزشتہ حکومت میں اس کھیل پر توجہ دینے اور اس کی بہتری کے لئے بہت دعوے کئے گئے اور ہاکی فیڈریشن کی جانب سے بھی بہت بیانات آئے، مگر ہر ایک نے صرف اپنی نوکری کی اور جس طرح سے اس فیڈریشن کو تباہ و بربا د کیا اب تو لگتا ہے کہ اس کی بہتری کے لئے بہت محنت کرنا ہوگی اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان میں اس کھیل کا آج بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے مگر اس ٹیلنٹ کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ سب کے سامنے ہے اتنے بھاری فندز کے باوجود جس طرح سے ان کو کھیل اور کھلاڑیوں پر لگانے کے بجائے اپنے اوپر خرچ کیا گیا اس کی پوچھ گچھ کون کرے گا اور کون اس حوالے سے اس سے حساب لے گا قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی جانب سے حال ہی میں کئے جانے والا احتجاج اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں اس کھیل کے ساتھ سوتیلا سلوک کیا گیا سیاست نے اس کھیل کو جس طرح سے تباہ کیا اب دیکھنا یہ ہے کہ نئی حکومت اس حوالے سے جو دعوے کررہی ہے کیا ان پر وہ عملی طور پر بھی عمل کرتی نظر آئے گی یا گزشتہ حکومتوں کی طرح نقصان صرف کھیل کو ہی ہو گا وزیراعظم پاکستان عمران خان کھیل دوست انسان ہیں اور ان سے بہتر کھیلوں کو کوئی نہیں سمجھ سکتا اور اس حوالے سے مسائل حل کرسکتا اب جس طرح ملک میں تبدیلی کا نعرہ لگایا جارہا ہے اسی طرح سے پاکستان ہاکی فیڈریشن میں بھی بڑی تبدیلی کی ضرورت ہے،جس سے ملک میں اس کھیل میں بہتری آئے ملک میں نہ صرف کرکٹ بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ہاکی اور دیگر کھیل بھی ایسے ہیں جن کو صرف اور صرف توجہ دی ضرورت ہے اور اگر ان پر پوری ایمانداری سے توجہ دی اور ان کے مسائل حل کئے جائیں تو یہ بات دعوے سے کی جاسکتی ہے کہ ان کھیلوں میں بھی تبدیلی آئے گی اور یہ کھیل بھی ترقی کریں گے پاکستان میں ہاکی کے کھیل پر اس لئے اس وقت زیادہ توجہ کی ضرورت ہے، کیونکہ یہ ہمارا قومی کھیل بھی ہے اور اس کھیل میں ہم ماضی میں پوری دنیا میں حکمرانی کیا کرتے تھے اور آج افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اس کھیل میں ہی سب سے پیچھے رہ گئے ہیں اور کمزور ٹیمیں بھی ہمیں شکست دینے کی پوزیشن میں آ چکی ہیں وزیراعظم پاکستان عمران خان سے عوام کو جہاں پر بہت امیدیں وابستہ ہیں وہی پر یہ بھی امید کی جارہی ہے کہ ہاکی کے کھیل کو ماضی میں جو مقام حاصل تھا اس کو دوبارہ اس عروج پر لے جانے کے لئے بھرپور اقدامات کئے جائیں تاکہ ملک میں موجود اس کھیل میں جو بے پناہ ٹیلنٹ ہے اس کو منظر عام پر لانے کے لئے مدد مل سکے امید ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اس حوالے سے بھرپور اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے دیگر کھیلوں سمیت ہاکی کے کھیل پر بھی توجہ دیں گے اور پاکستان ہاکی میں کھویا مقام حاصل کرلے گا۔

*****

مزید : ایڈیشن 1