میٹرو سمیت دیگر منصوبوں کا آڈٹ خوش آئند ہے،تمکین آفتاب ملک
لاہور (سٹی رپورٹر)مسلم لیگ (ق) پنجاب کی جوائنٹ سیکرٹری تمکین آفتاب ملک نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے میٹرو بس سمیت دیگر منصوبوں کا آڈٹ کروانا خوش آئند بات ہے،حکومت یہ آڈٹ رپورٹس پبلک کرے تاکہ عوام کو سابقہ حکومت کی کارکردگی معلوم ہو سکے،(ن) لیگ نے ڈیمز کی تعمیر کی بجائے کمیشن منصوبوں پر رقم خرچ کی ،بجلی بحران کے خاتمے کے نعرے لگانے والوں کی حقیقی معنوں میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے کچھ نہیں کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایک میٹنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ان کا مزیدکہنا تھاموجودہ حکومت عوام تک بنیادی سہولیات کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائے گی۔ بدقسمتی سے گزشتہ حکومتیں عوام کی بنیادی ضروریات کو پورا نہیں کر سکیں کیونکہ وہ اپنی ترجیحات کو ہی سیٹ کرنے میں ناکام رہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت کے تمام تر منصوبے محدود لوگوں کے لیے تھے۔ گزشتہ حکومت نے میٹرو بس منصوبوں پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن ڈیمز جیسے قومی اہمیت کے مسائل کو نظر انداز کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو بہترین معیاری سفری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں لیکن تعلیم اور صحت کے ان کے بنیادی مسائل کا حل حکومت کی ترجیح ہونی چاہئے۔ تمام اہم اور بڑے فیصلے قوم کو اعتماد میں لیے جانے کے بعد کیے جائیں گے۔