ڈی جی ایل ڈی اے کی کھلی کچہری، سائلین کو تنگ کرنیوالے افسران کی فہرستیں تیار کرنے کا حکم

ڈی جی ایل ڈی اے کی کھلی کچہری، سائلین کو تنگ کرنیوالے افسران کی فہرستیں تیار ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور ( جنرل رپورٹر) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے گزشتہ روز ایل ڈی اے کے ون ونڈو سیل پر کھلی کچہری لگائی ‘ذاتی طو ر پر شہریوں کے مسائل سنے اور ان کی درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل (ہیڈ کوارٹرز )راناعبد الشکور اور متعلقہ ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے ہدایت کی کہ شہریوں کی طرف سے این او سی کے حصول کے لئے جمع کروائی جانے والی درخواستوں کے معاملے میں تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کی فہرستیں مرتب کر کے ان سے وضاحت طلب کی جائے اور ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے ۔ایل ڈی اے کی بدنامی کا باعث بننے والوں کے کیس اینٹی کرپشن کے حوالے کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ افسران اور ملازمین شہریوں کی خدمت کریں ‘لوگوں کو تنگ کرنے والوں کی اب یہاں کوئی گنجائش نہیں۔ شہریوں کوان کی درخواستوں پر اعتراضات کے بارے میں ایک ہی بار آگاہ کردیا جائے اور بار بار چکر نہ لگوائے جائیں۔تمام ڈائریکٹوریٹ ہر ہفتے نپٹائی جانے والی درخواستوں کے بارے میں کارکردگی رپورٹ پیش کریں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے ضروری ہواتو میں خود ون ونڈو پر کام کروں گی ۔آمنہ عمران خان نے کہا کہ شہریوں کی درخواستوں پرکم سے کم وقت میں عمل درآمد کے لئے تمام ممکن اقدامات کئے جائیں گے


۔انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر ون ونڈو سیل کی کارکردگی کی باقاعدگی سے نگرانی کریں گی تا کہ پلاٹوں کی ٹرانسفر کے لئے این او سی کے اجرا ، نقشوں کی منظوری اور دیگر امور کے لئے آنے والوں کے جائز اور قانونی کاموں کی انجام دہی بروقت یقینی بنائی جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ عملے کی طرف سے تاخیری حربوں اور بدعنوانی کی شکایات دور کرنے کے ساتھ ساتھ غیر متعلقہ افراد کا عمل دخل بھی ختم کیا جائے گا۔