بیگم کلثوم نواز کی سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پیر معصوم نقوی

بیگم کلثوم نواز کی سیاسی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،پیر معصوم نقوی

لاہور( ایجوکیشن رپورٹر) جمعیت علما پاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی اور شعبہ خواتین کی مرکزی صدر سیدہ فائزہ نقوی نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرسابق وزیر اعظم میاں نوا ز شریف سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ کی سیاسی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، کیونکہ انہوں نے اس وقت کی شخصی آمریت کے خلاف آواز بلند کی جب بڑے بڑے عہدے لینے والے مسلم لیگی بھی جنر ل پرویز مشرف کی غیر آئینی حکومت کے خلاف بات کرنے کی نہ صرف جرات نہیں رکھتے تھے۔

بلکہ کئی تو پارٹی بھی چھوڑ کر اس کے اقتدار میں شامل ہوچکے تھے۔ اورپھر جب اقتدار آیاتو دھوکہ دینے والے لوگ حکومت اور اسی مسلم لیگ ن میں نظر آئے۔سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے نام تعزیتی خط میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز سیاسی میدان میں آنے والی خواتین کے لئے حوصلے کا نشان تھیں۔ جنہوں نے اس وقت بزرگ سیاستدان نوابزادہ نصراللہ خان مرحوم کے ساتھ مل کر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو قریب لاکر اے آرڈی بنانے میں بنیادی کردار ادا کیاتھا۔انہوں نے مرحومہ کی مغفرت کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شریف خاندان کو صبرجمیل عطافرمائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1