ماضی کا دور گزر چکا ، عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا ، عثمان بزدار

ماضی کا دور گزر چکا ، عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا ، عثمان ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل میرے اپنے مسائل ہیں اور میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ وزارت اعلیٰ کے منصب پر میں نہیں بلکہ پنجاب کا عام آدمی بیٹھا ہوا ہے۔ عوام کی شکایات کا ازالہ متعلقہ محکموں اور اداروں کی ذمہ داری ہے۔ماضی کا دور گزر چکا ہے ، اب اداروں اور محکموں کو کام کرنا ہوگا اور نتائج دینا ہوں گے اور اس ضمن میں تساہل کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ عوام کے مسائل کے حل میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے لوگوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں حل کرنے کیلئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور سرکاری دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی ہوگی اور عوام بلا روک ٹوک افسران کو مل کر اپنے مسائل سے آگاہ کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے عوام کے مسائل اور ان کی شکایات کے ازالے کیلئے وزیراعلیٰ آفس میں سٹیٹ آف دی آرٹ شکایت سیل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جسے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے 36 اضلاع سے منسلک کیا جائے گا اور عوامی شکایات کے ازالے کیلئے اس سیل کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کروں گا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پنجاب وزیراعظم عمران خان کے 100روزہ ایجنڈے کی تکمیل کیلئے سرگرم عمل ہے اور اس پلان کے تحت صوبے سے متعلقہ 15نکات پر عملدرآمد کیلئے کمیٹیاں قائم ہو چکی ہیں جو دن رات کام کررہی ہیں۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے آپ کا ان سے براہ راست رابطہ مثبت اقدام ہے اور صوبہ بھر کے عوام نے شکایات کے حل کیلئے آپ کی ذاتی دلچسپی کو سراہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے تنقید کی پرواہ کئے بغیر عوامی خدمت کیلئے شب و روز ایک کیا ہوا ہے۔دریں اثناء سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام کے مسائل کے حل کیلئے دل و جان سے اقدامات کرنا ہماری اولین ترجیح ہے لہٰذا انتظامی و پولیس افسران عوام کے مسائل کے حل اور ان کی شنوائی کیلئے خصوصی اقدامات کریں اور اپنے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں۔ عوامی شکایات سننے اور ان کے حل کیلئے روزانہ 2 گھنٹے مختص کئے جائیں جبکہ عوامی شکایات سننے اور ان سے ملنے کے اوقات کار کو نمایاں طور پر دفاتر کے باہر آویزاں کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر اداروں کے سربراہوں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دفاتر میں عوام کے مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کیا جائے اور اپنے مسائل کے حل کیلئے سرکاری دفاتر آنے والے لوگوں کو عزت و احترام سے بٹھایا جائے اور انہیں افسران اور عملے کے رویے میں مثبت تبدیلی کا احساس ہونا چاہیئے۔عوامی شکایات کے حل میں تساہل برتنے والے افسران کی بازپرس ہوگی۔
سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ آخر -