نجی اداروں کی مشاورت سے تعلیمی پالیسی مرتب کریں گے ، شفقت محمود

نجی اداروں کی مشاورت سے تعلیمی پالیسی مرتب کریں گے ، شفقت محمود

 لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جلد ہی نجی تعلیمی اداروں کی مشاورت سے تعلیمی پالیسی مرتب کرے گی جس سے ملک میں یکساں نظام تعلیم کو فروغ دینے میں مدد حاصل ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز وحدت روڈ لاہور پر موجود ہیڈ آفس کے دورے کے دوران چیئرمین یونیک گروپ پروفیسر عبد المنان خرم کے ساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق موجودہ حکومت ملک میں یکساں نظام تعلیم رائج کرے گی جس سے نہ صرف تعلیم کے شعبے کو فروغ حاصل ہوگا بلکہ اس سے ہر طبقہ مستفید ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چین جیسے کثیر الثقافتی ملک میں یکساں تعلیمی نظام رائج ہے اور ہماری حکومت بھی اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرے گی۔۔چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے پیش کئے گئے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے بارے میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کو جلد حل کیا جائے گا اور اس حوالے سے حکومت نجی تعلیمی اداروں سے مشاورت بھی کرے گی۔ ملاقات کے دوران چیئرمین یونیک گروپ نے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کو یقین دہانی کرائی کہ وہ فروغ تعلیم کے حوالے سے حکومت کی بھرپور معاونت کریں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کوریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خاں ، ڈائریکٹر ایڈمن پروفیسر جہانزیب انور ملک اور ڈائریکٹر اکڈیمکس پروفیسر وسیم انور چوہدری نے یونیک کے مختلف شعبہ جات پر بریفنگ دی اور خصوصا بورڈ میں یونیک کی کامیابیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزید : صفحہ آخر