حکومت صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرے گی ، مفت علاج کراسکیں گے ، فواد چودھری

حکومت صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ فراہم کرے گی ، مفت علاج کراسکیں گے ، فواد چودھری

لاہور(فلم رپورٹر )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری نے پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر کا دورہ کیا جہاں جی ایم لاہور سینٹر عبدالحمید قاضی ،ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹس اور آل پی ٹی وی ایمپلائز اینڈ ورکرز یونین کے مرکزی صدر راحیل آصف خان کی قیادت میں ملازمین نے بھاری تعداد میں ان کا شاندار استقبال کیا ۔ اپنے دورے کے دوران انہوں پی ٹی وی لاہور سینٹر کے جنرل منیجر عبدالحمید قاضی اور تمام شعبہ جات کے سربراہان اور پی ٹی وی کی سی بی اے یونین ،مختلف صحافتی تنظیموں کے نمائیندگان اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے وفود اور افراد سے ملاقاتیں کیں ۔ ان وفود اورصحافتی تنظیموں کے افراد نے اس فیلڈ میں درپیش مسائل سے وقافی وزیر کو آگاہ کیا ۔انہوں نے صحافیوں کو ہیلتھ کارڈ کی خوشخبری بھی دی جس کے بعد وہ اور ان کی فیملی مخصوص ہسپتالوں سے اپنا مفت علاج کروا سکیں گے جس کی حد ساڑھے پانچ لاکھ روپے تک ہو سکتی ہے۔ سی بی اے پھول یونین کے دفتر میں آمد پر فواد حسین چوہدری نے مرکزی صدر راحیل آصف خان کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے پاکستان کا سوچنا ہے پاکستان کی ترقی سے پی ٹی وی کی ترقی اور ملازمین کی فلاح و بہبود وابستہ ہے ۔ پاکستان ٹیلی ویژن کی حالت زار سے وہ اچھی طرح آگاہ ہیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ تین سے چارما ہ میں پی ٹی وی کو نئی ڈی ایس این جیز،کیمروں اور دیگر آلات سے لیس کر دیا جائے گا ۔انہوں نے یونین کے عہدیداران کو یقین دلایا کہ وہ ملازمین کے مسائل کے حل کے لئے یونین کے ساتھ بھر پور تعاون کریں گے ۔مرکزی صدر راحیل آصف خان نے بھی حکومت اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔پی یو جے ایف ،پی یو جے ،ایمرا اور ایپنک کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی وی اکیڈیمی کو ختم کرکے اس کی جگہ نئی میڈیا یونیورسٹی بنائی جائے گی جہاں نا صرف پی ٹی وی ،ریڈیو ، ڈی جی پی آر اور پی آئی ڈی کے ملازمین کو تربیت دی جائے گی بلکہ پرائیویٹ میڈیا بھی اس سے استفادہ کر سکے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں فواد حسین چوہدری نے کہا کہ کونسی پاگل حکومت ہو گی جو سی پیک جیسے قومی منصوبے کو جاری رکھنا نہیں چاہے گی ، نا صرف پی ٹی آئی کی حکومت اس منصوبے پر عملدرآمد کرے گی بلکہ جلد ہی اس منصوبے میں آپ کچھ اور ممالک کی شمولیت کی خوش خبری بھی سنیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت افغانستان میں جلد از جلد امن کی خواہاں ہے کیونکہ خطے میں امن ہو گا تو اس ریجن کے ممالک ترقی کریں گے ۔پی یو ایف جے ،ایمرا ، پی یو جے اورایپنک کے رانا عظیم،شہزاد حسین بٹ ،اشرف مجید ،فاروق چوہدری،آصف بٹ ،نعیم مصطفٰے،عبداللہ سینئر اینکرز سلمان غنی ،عمران احمد ،اسامہ طیب جنید اکرم ، میاں شاہد ندیم ، حافظ عبدالودود ، عدنان لودھی اور شاہد چوہدری اور دیگر صحافی فواد حسین چوہدری سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے ۔ میاں صلاح الدیں صلی اورایکٹر راشد محمود نے بھی وفاقی وزیر سے ملاقات کی ۔

فواد چودھری

مزید : صفحہ آخر