امریکہ میں فلورنس طوفان نے تباہی مچادی،7ہلاک درجنوں زخمی،17لاکھ سے زائد افراد بے گھر

امریکہ میں فلورنس طوفان نے تباہی مچادی،7ہلاک درجنوں زخمی،17لاکھ سے زائد ...

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں)امریکہ میں سمندری طوفان فلورنس ساحلوں سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہواہے، 17لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور لاکھوں مکانات بجلی سے محروم ہیں، خوراک کی قلت، با ز ا ر بند اور نظام زندگی مفلوج ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سمندری طوفان فلورنس نے امریکی ریاستوں کیرولینا اور ورجینیا میں تباہی مچادی ہے جس کے نتیجے میں اب تک سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوچکے ہیں۔17لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے اور لاکھوں مکانات بجلی سے محروم ہیں۔طوفان کے باعث 110کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں اور کئی عمارتیں تباہ ہو گئی ہیں۔ شمالی کیرولینا میں ایک مکان پر درخت گرنے سے خاتون اور اس کا بچہ ہلاک جبکہ باپ زخمی ہوگیا، نشیبی علاقوں، دریاؤں، ندیوں اور نہروں کے قریب رہنے والے لوگوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایندھن اور خوراک کی بھی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جبکہ دکانیں بند ہونے سے کاروبار زندگی متاثر ہوگیا ہے۔شمالی کیرولینا کے گورنر رائے کوپر نے میڈیا سے گفتگو میں خدشہ ظاہر کیا کہ 400میل کی رفتار سے آنیوالا یہ طوفان پورے علاقے کو بہا لے جا سکتا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹیشن جیمز ٹروگڈان نے ایسے سیلاب کا خطرہ ظا ہر کیا کہ جو ہزار سال میں ایک بار آتا ہے۔

فلورنس طوفان

مزید : علاقائی