بھارت کو ،مذاکرات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم کرنا ہوگی ، وزیراعظم

بھارت کو ،مذاکرات سے قبل مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی ختم کرنا ...

اسلام آباد( سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور دفعہ 35-A کو ختم کرکے مقبوضہ کشمیر میں آباد ی کے تنا سب کو بگاڑنے کی بھی شدید انفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہم بھارت سے بات چیت کرنا چاہتے ہیں لیکن اس سے قبل مقبوضہ کشمیر میں انسا نی حقوق کی پامالی کو ختم کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز وزیر اعظم سیکرٹیریٹ میں ملاقات کرنیوا لے آزاد کشمیر کے سا بق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے پون گھنٹہ کی تفصیلی ملاقات میں فیصلے، احکا مات اور ہدایات جاری کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرعمران خان کامزیدکہنا تھا پاکستان ایک نیا پاکستان بن رہا ہے اچھے لوگ آگے آرہے ہیں اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی آپ اچھے لوگ آگے لائیں میں ہر طرح سے آپکی اسپورٹ کرونگاتاکہ آزاد کشمیر ایک مثالی خطہ بنے سکے۔عمران خان نے کہا اگرچہ آزاد کشمیر کااپنا آئین ضرور ہے مگر ہم ایک ملک ہیں جس طرح پاکستان میں کرپشن کیخلاف احتساب ہو رہا ہے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی احتساب ہونا چاہیے ، انھوں نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو کو مکمل اختیار دیا کہ وہ پی ٹی آئی کشمیر کونچلی سطح تک منظم کریں اور آزاد کشمیر میں بھی باکردار اور اچھے لوگوں کو آگے لایا جائے ،اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم پاکستان سے آ ز ا د کشمیر میں ٹورازم ودیگر معاملات پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ وزیر امور کشمیر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی کے تقرر پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پرمظفر آباد سے میرپور سی پیک کے منصوبوں کی منظوری ، میرپور میں انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تعمیر کی بھی اصولی منظوری دینے سمیت آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کے منصو بوں کو تیزاور لوگوں کی خوشحالی کیلئے اقدا مات اٹھائے جانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔بعدازاں وزیراعظم عمران خان سے لاہور چیمبرآف کامرس کے وفد نے ملاقات کی ۔ بنی گالہ اسلام آباد میں ہونیوالی اس ملاقات میں باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اس موقع پر لاہور چیمبر آف کامرس کی جانب سے ڈیم فنڈ کیلئے 10لاکھ روپے کا عطیہ کا چیک بھی وزیراعظم کو دیا گیا ۔

وزیر اعظم

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، نیوز ایجنسیاں )وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے جمہوری ادوار میں جمہوریت کو اصلی زیور پہنانے کی شکل لوکل گورنمنٹ کے ذریعے عوام کو بااختیار بنانا ہے ، تحریک انصاف اقتدارکی عوام تک حقیقی منتقلی پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام اپنے فیصلے خود کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزاپنی زیرصدارت ہونیوالے لوکل گورنمنٹ کے اجلاس میں کیا۔اجلاس میں سینئر قیادت نے شر کت کی، اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا عوام لوکل گورنمنٹ کے استحکام کی صورت میں ہی بااختیار ہوسکتے ہیں، خیبرپختونخوا کے تجربے کے مطابق لوکل گورنمنٹ کو فعال بنائیں گے ۔پاکستان تحریک انصاف اس بات پر قوی یقین رکھتی ہے کہ کسی بھی جمہوریت کو مزید پروان چڑھا نے کیلئے اس کا اصلی زیور لوکل گورنمنٹ کے ذریعے عوام کو بااختیار بنانا ہے اور انشاء اللہ ہم ایسے اقدامات کریں گے جس سے عام آدمی کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں گے اور لوکل گورنمنٹ کو تمام تر اختیارات دے کر مضبوط کیا جائے گا۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول