ضمنی الیکشن، امیدوار وں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کیساتھ آج جاری ہوگی

ضمنی الیکشن، امیدوار وں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کیساتھ آج جاری ہوگی

اسلام آباد/لاہور( این این آئی )ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوار وں کی حتمی فہرست انتخابی نشانات کے ساتھ آج جاری کی جائے گی ۔14اکتوبر کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے37 حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے ۔ وزرائے اعلی اور وفاقی وصوبائی وزرا ء کے انتخابی حلقوں کے دورے پرپابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق صدرپاکستان، وزیراعظم، گورنرز اور رکن قومی و صوبائی اسمبلی بھی متعلقہ حلقے کے دورے پر نہیں جاسکیں گے۔اس کے علاوہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز، ڈپٹی سپیکرزاور چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ پر بھی حلقوں کے دورے سے متعلق پابندی عائد کردی گئی ہے۔ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندے کسی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ انتخابی مہم پولنگ کے روز سے 48 گھنٹے قبل ختم ہو جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ سے انتخابی ریلی کی اجازت لینا لازم ہے اور جبکہ کار ریلی پر مکمل پابندی عائد ہو گی۔اسی طرح افواج پاکستان اور اعلی عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے پر بھی پابندی عائد ہوگی۔ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ اخراجات کے حوالے سے موجود شق کے مطابق کسی بھی امیدوار کے انتخابی اخراجات مقررہ کردہ حد سے زیادہ نہیں ہونے چاہئیں۔ انتخابی مہم میں اشتہارات کا سائز مقرر کردہ حد سے زیادہ نہ ہو۔الیکشن کمیشن کا مزید کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر، ریٹرنگ افسر، پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ضابطہ اخلاق پرعمل درآمد یقینی بنائیں گے۔

مزید : صفحہ اول