عمران خان سے صحت کے بجٹ میں اضافہ کی درخواست کروں گا،عامر محمود کیانی

عمران خان سے صحت کے بجٹ میں اضافہ کی درخواست کروں گا،عامر محمود کیانی

اسلام آباد (آئی این پی ) وفاقی وزیر برائے قومی صحت عامر محمود کیانی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق صحت کا شعبہ ہماری اولین ترجیح ہے اسی لئے صحت کے شعبہ میں بہتری لانے کے لئے تمام وسائل برؤے کار لائے جائیں گے،وزیر اعظم عمران خان سے درخواست کروں گا کہ آنے والے بجٹ میں صحت کے بجٹ میں اضافہ کریں۔ وزیر اعظم عمران خان صحت کے شعبے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں کرکٹ کیرئیر کے بعد عمران خان نے صحت کے شعبے پر فوکس کیا اور شوکت خانم کینسر ہسپتال ایک بہترین نمونہ ہے ،ہم اکٹھے مل کر کام کرتے ہوئے تمام افراد کو صحت کی اچھی اور معیاری خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے یہ بات یہاں صوبائی وزارء صحت و بہبود آبادی کے منعقدہ اجلاس میں کہی جو کہ عوام کے صحت سے متعلقہ مسائل کو حل کرنے کے سلسلہ میں طلب کیا گیا تھا ۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت تمام صوبوں نے شرکت کی ۔ وفاقی وزیر نے انٹر پروونشل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن سٹرٹیجیک فورم کے پہلے اجلاس کے شرکاء کا خیر مقدم کیا جو کہ نئی حکومت کے قیام کے بعد فورم کا پہلا اجلاس تھا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو عوام کی خدمت کرنے کا مینڈیٹ ملا ہے ۔وزیر صحت نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے تمام دستیاب وسائل انسانوں پر خرچ کرنے ہیں اور ہم سب نے مل کر صحت کر شعبے میں تبدیلی لانی ہے اور انشااللہ تعالیٰ صوبوں کی مدد سے پور ے ملک کو صحت کے حوالے سے رول ماڈل بنائیں گے اور ملک بھر میں صحت کے حوالے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ خسرہ کی روک تھام کے لیے 15 سے 27 اکتوبر تک ملک گیر مہم چلائی جائے گی لیڈی ہیلتھ ورکرز کو مزید فعال بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا اجلاس میں اجتماعی طور پر صحت کے مسائل کو زیر بحث لایا گیا۔وفاقی وزیر صحت نے اجلاس کے دوران زور دیا کہ تمام صوبائی وزرائے صحت ہیلتھ کے حوالے سے صوبائی بجٹ بڑھائیں تاکہ صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئے ۔

عامر محمود کیانی

مزید : علاقائی