کے الیکٹرک ملازمین ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار

کے الیکٹرک ملازمین ضمانت مسترد ہونے پر عدالت سے فرار

کراچی(این این آئی) کے الیکٹرک کی غفلت سے بچے کے معذور ہونے کے کیس میں عدالت نے کے الیکٹرک کے 9 افسران کی عبوری ضمانت مسترد کردی، ملزمان احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی غلفت اور لاپرواہی کے باعث8 سالہ بچے کے دونوں بازوں سے محروم ہونے پر کے الیکٹرک کے ملازمین کے خلاف ہفتہ کوایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیرکی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ کے الیکٹرک کے ملازمین نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر کی عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست کی، جسے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ملیر نے مسترد کردیا۔عبوری ضمانت مسترد ہوتے ہی کے الیکٹرک کے 9 ملازمین احاطہ عدالت سے فرار ہوگئے جب کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی۔ فرار ہونے والے ملزمان میں ڈپٹی منیجرمیٹراینڈ انسٹالیشن کمرشل ایریا سعید احمد ، فورمین محمد مشتاق ،نیو کنکشن سپر وائرز مرزا آصف بیگ، میٹر چیکر آصف آقبال ، بی او ای نیو کنکشن ثاقب حسین، میٹر کلسٹر سید حیدررضا اور اسسٹنٹ انجینئر کلسٹر سید محمد عاصم شامل ہیں۔واضح رہے کہ کراچی کے علاقے احسن آباد میں بجلی کا تار گرنے سے 8 سالہ بچہ عمر کے دونوں بازو بری طرح جھلس گئے تھے اور ڈاکٹروں نے بچے کی جان بچانے کے لیے اس کے دونوں بازو جسم سے علیحدہ کردیے۔ بچے کے والد محمد عارف کی مدعیت میں کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں کے الیکٹرک گڈاپ ٹاون کی انتظامیہ کو ملزم نامزد کیا گیا تھا۔

عدالت سے فرار

مزید : علاقائی