انٹرنیٹ کے بغیر مفت جی میل چلانا ممکن
نیو یارک(مانیٹرنگ ڈیسک)انٹرنیٹ ٹیکنالوجی میں گرو کی اہمیت رکھنے والی کمپنی ‘گوگل’ نے کہا ہے کہ رواں برس کے آخر تک صارفین جی میل کے حالیہ ورڑن میں ہی آف لائن سروسز کی سہولت سے استفادہ اٹھا سکیں گے۔خیال رہے کہ گوگل نے رواں برس مئی میں انٹرنیٹ کنیکشن کے بغیر صارفین کو جی میل سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے ایک نئی ایپ متعارف کرائی تھی۔جی میل نے ‘آف لائن جی میل’ نامی ایپلی کیشن متعارف کرائی تھی، جسے انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس ایپلی کیشن پر صارفین کو 90 روز کے دوران موصول ہونے والی ای میل تک رسائی دیے جانے سمیت ای میل کا جواب دینے جیسی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔تاہم صارفین نے گوگل انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ آف لائن جی میل ایپلی کیشن کے بجائے عام جی میل ویب ورڑن پر آف لائن سہولت چاہتے ہیں، جس کے بعد اب کمپنی نے عام ورڑن پر اسی سہولت کو فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔کمپنی کی جانب سے جاری اعلان میں کہا گیا ہے کہ جن صارفین نے انٹرنیٹ کنیکشن کے بغیر جی میل چلانے کے لیے ‘آف لائن جی میل‘ کی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کی وہ اس ایپ کو ڈیلیٹ کردیں،کیوں کہ یہ ایپ جلد ہی اسٹور سے بھی ہٹادی جائیگی۔کمپنی کے مطابق صارفین کی فرمائش کے بعد اب صارفین جی میل کے پرانے اور اصلی ورڑن پر بھی آف لائن سہولت استعمال کر سکیں گے۔اسی سہولت کے تحت تمام صارفین کو گزشتہ 90 روز سے ملنے والی ای میل تک رسائی دیے جانے سمیت انہیں ان کا جواب دیے جانے جیسے فیچرز تک رسائی دی گئی ہے۔
جی میل