بیگم کلثوم کے انتقال پر اہم شخصیات کی آمد ، نواز شریف کیساتھ اظہار تعزیت

بیگم کلثوم کے انتقال پر اہم شخصیات کی آمد ، نواز شریف کیساتھ اظہار تعزیت

لاہور(جنرل رپورٹر، این این آئی)مسلم لیگ(ن)کے قائد میاں نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم کے انتقال پر جاتی امراء کی فضاء سوگوار ہے ،پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات نے جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ، مرحومہ کی رسم قل آج بعد از نماز عصر تا اذان مغرب تک جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی جس میں صرف شریف خاندان کے افراد اور قریبی عزیز و اقارب شریک ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف ،مریم نوا ز، کیپٹن (ر) محمد صفدر ،سلمان شہباز، جنید صفدر سمیت خاندان کے دیگر افراد اور عزیز و اقارب نے گزشتہ روز جاتی امراء میں بیگم کلثوم نواز کی قبر پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں ۔ اس موقع پر قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ علاوہ ازیں مسلم (ن)کے مرکزی رہنماؤں خواجہ آصف ، پرویز رشید،مریم اورنگزیب، پرویز ملک ، ذکیہ شاہنواز، چوہدری اقبال چنڑ ،خواجہ عمران نذیرِ ، علی پرویز ملک،سیدہ عابدہ حسین سمیت دیگر شخصیات نے جاتی امراء رائیونڈ میں نواز شریف اور شریف خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات کر کے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ ترجمان کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی رسم قل آج بعد از نماز عصر سے اذان مغرب تک جاتی امراء رائے ونڈ میں ادا کی جائے گی ۔مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف نے اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے آنے والے قائدین اور ہزاروں افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم کی دعاؤں نے دکھ کی اس گھڑی میں پورے خاندان کی ڈھارس بندھائی، قوم کا پیار اور غمگساری زندگی کا اہم سرمایہ ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ قائد مسلم لیگ (ن) و سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سمیت پورا شریف خاندان جنازے میں شرکت کرنے والے اور اپنی دعاؤں اور تعزیت میں شریک ہونے والے تمام اندرون وبیرون ملک پاکستانیوں، ہمدردوں اور غمگساروں کا تہہ دل سے شکرگزار ہے۔شہباز شریف نے کہاکہ سفر کی دقتوں اور موسم کے پیش نظر درخواست ہے کہ بیگم کلثوم کے ایصال ثواب کیلئے رسم قل میں خاندان کے افراد ہی شریک ہوں گے تاکہ دیگر افراد کو زحمت اور مشکل پیش نہ آئے ۔ہماری درخواست ہے کہ آپ سب مرحومہ بیگم کلثوم نواز کے لئے اپنے علاقوں اور مقامی سطح پر ہی دعاؤں اور قرآن خوانی کا اہتمام فرما کر جزائے خیر میں حصہ ڈالیں۔

مزید : صفحہ اول