پراسرار ماحولیاتی سانحے کے بعد روسی شہر سے پرندے غائب

پراسرار ماحولیاتی سانحے کے بعد روسی شہر سے پرندے غائب

ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے زیرِ تسلط جزیرہ نما کرائیمیا میں اگست میں ہونے والے ایک کیمیائی حادثے کے بعد اب وہاں سے پرندے غائب ہوچکے ہیں جس پر ماہرین حیران ہیں۔یہ پراسرار حادثہ کرائیمیا کے چھوٹے سے قصبے آرمیانسک میں 23 یا 24 اگست کو پیش آیا تھا جہاں واقع کرائیمیئن ٹائٹن پلانٹ سے گیس اور کیمیکل خارج ہوا تھا۔ کیمیائی مواد خارج ہونے کے بعد فضا میں عجیب بو تھی جبکہ مکانات، سڑکوں اور سواریوں پر زنگ نما مواد دیکھا گیا۔اس واقعے پر حکومت خاموش رہی لیکن سوشل میڈیا پر لوگوں نے تصاویر اور معلومات کے ڈھیر لگادیئے۔ سب سے پہلے پرندے وہاں سے کوچ کرگئے اور صرف کوے ہی دکھائی دیئے۔ اس کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی اور لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکل ہونے لگی۔ لیکن اس بار بھی سرکار اور میڈیا دونوں ہی خاموش رہے۔کرائیمیا پر قابض روسی حکومت نے بار بار عوام کو یقین دلایا کہ کوئی خطرہ نہیں اور فضائی آلودگی تباہ کن سطح سے آگے نہیں بڑھی ہے۔ اس کے بعد کیمیائی فیکٹری نے بھی اسی طرح کا بیان داغ دیا۔ پھر اچانک 4 ستمبر کو لوگ خوفزدہ ہوکر شہر چھوڑنے لگے۔ اس دوران بھی واقعے کی پراسراریت سے پردہ نہیں اٹھایا گیا جبکہ 4 ستمبر کو تین ہزار اور اگلے دن مزید ایک ہزار افراد علاقہ چھوڑ گئے۔اس پر مقبوضہ شہر کے سربراہ سرگائی اکسیونوف نے کہا کہ گھبرانے کی بات نہیں لوگ حفاظتی اقدامات کے تحت شہر سے جارہے ہیں۔

مزید : علاقائی