وزیر قانون کا عدالتوں کے احاطے میں فائرنگ کا سختی سے نوٹس
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون سلطان محمد خان نے ہفتے کے روز پشاور کی کچہری میں فائرنگ واقعہ کا سختی سے نوٹس لیا اور اس سلسلے میں واقعہ کا فوری رپورٹ طلب کیا ۔وزیر قانون نے انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی جگہوں پر ایسے واقعات کا رونما ہونا سکیورٹی دینے والوں کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ واقعہ میں ملوث عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور اس ضمن میں کوئی رورعایت نہیں برتی جائے گی بلکہ قانون تھوڑنے والوں کو دوسروں کے لئے مثال بنایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ امن و امان خراب کرنے والے سخت سزا کے مستحق ہوتے ہیں ، ایسے قانون شکن عناصر کو جیل سلاخوں کے پیچھے بند کیا جائے گا ۔وزیر قانون نے کہا کہ عدالتوں اور بار رومز کی سکیورٹی کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھایا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے وکیل کے لئے ہر قسم طبی سہولت فراہم کی جائے گی ۔ انہو ں نے وکلاء برادری سے اپیل کی وہ پرامن رہیں اور صوبائی حکومت وکلاء برادری کو کسی بھی حال میں اکیلا نہیں چھوڑے گی ۔