کرپشن ناسور بن چکی اسکا خاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،لیاقت بلوچ

کرپشن ناسور بن چکی اسکا خاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا،لیاقت بلوچ

ملتان(سٹی رپورٹر)جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ آئین پاکستان سے ماورا کوئی اقدام نہیں ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیمز پاکستان کی ضرورت ہے سابقہ حکومتوں نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ، سستی بجلی اور پانی کے بحران کے خاتمے کیلئے (بقیہ نمبر10صفحہ12پر )

ڈیمز کی تعمیر ضروری ہے ہم ڈیمز کی تعمیر کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے ملتان میڈیا سنٹر میں مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل اظہر اقبال حسن، شیخ عثمان فاروق، کنور محمد صدیق،صہیب عمار صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے دنیا کے150 ممالک سے زیادہ آبادی والا پنجاب صوبہ ہے جماعت اسلامی کی دعوتی، تنظیمی، تربیتی، سیاسی اور انتخابی مشکلات پر قابو پانے کے لئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے صوبائی اور مرکزی شوریٰ کی مشاورت کے بعد جماعت اسلامی پاکستان کے دستور کے مطابق پنجاب کے تین تنظیمی صوبے قائم کردیئے ہیں صوبہ جنوبی پنجاب کی مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس 17؍ستمبرکو لاہور اور19 ؍ستمبرکو شمالی پنجاب کا اجلاس اسلام آباد میں ہوگا۔ ان اجلاسوں میں اراکین مشاورت سے عارضی اُمراء کا تقرر کیا جائے گا اور آئندہ تین سال کے لئے اُمراء صوبہ کے انتخاب کیلئے ناظمین استصواب کا تقرر بھی کیا جائے گا انا اجلاسوں میں امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق خود شریک ہورہے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی اور تنظیمی ضرورت کے تحت صوبہ جنوبی پنجاب بنایا ہے حکومت سے بھی توقع ہے کہ اپنے انتخابی وعدوں پر عمل در آمد کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے قیام کیلئے فوری طور پر عملی اقدام اُٹھائے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت وجود میں آچکی ہے دھاندلی زدہ انتخابات میں من پسند نتائج کیلئے ہر حربہ استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پارلیمانی کمیشن قائم کیا جائے جس میں تمام پارلیمانی پارٹیوں کے نمائندوں کو شامل کیا جائے جو اس پورے معاملے کی تحقیقات کرے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نظام کو مستحکم ہونا چاہئے یہ ایک آئینی تقاضا بھی ہے ۔ بلدیاتی اداروں مکمل با اختیار ہونا چاہئے حکومت تمام صوبوں کی مشاورت سے بلدیاتی اداروں کے استحکام اور نچلی سطح تک اختیارات کی منتقلی کیلئے اقدام کرے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ایشوز پر متحد ہے کرپشن ناسور بن چکی ہے اس کا خاتمہ کئے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا ۔ لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے جس کے لئے کڑے اور بے لاگ احتساب کی ضرورت ہے مگر حکومت کی طرف سے اس سلسلہ میں عملی اقدام نظر نہیں آرہے ہیں۔

لیاقت بلوچ

مزید : ملتان صفحہ آخر