مگر مچھوں کے احتساب کے بغیر ملک معاشی بدحالی سے نہیں نکل سکتا:سراج الحق
ملتان (سٹی رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی صدارت میں جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کا تاسیسی اجلاس ہوا جس میں امیر جماعت اسلامی نے اراکین کی مشاورت سے شیخ عثمان فاروق کوعبوری مدت کیلئے امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب مقرر کیا ہے بعد ازاں نو منتخب امیر صوبہ نے حلف امارت اُٹھاکر ذمہ داریاں سنبھالیں۔اجلاس میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکر ٹری جنرل لیاقت بلوچ، مرکزی ڈپٹی سیکر ٹری جنرل اظہر اقبال(بقیہ نمبر11صفحہ12پر )
حسن، ڈاکٹر سید وسیم اختر، چودھری عزیر لطیف سمیت اراکین شوریٰ نے شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے جنوبی پنجاب کی مجلس شوریٰ کے تاسیسی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا مقصد جماعت اسلامی کی دعوت کو گلی گلی، محلے محلے تک پہنچانا اور منظم کرنا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت اور مسائل کے حل کے لئے لوگوں کو منظم کرنا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کی نا اہلی کے بعد ضروری تھا کہ پانا مہ لیکس کے دیگر436 ملزموں کے خلاف بھی کاروائی کی جاتی مگر اب تک نیب اور سپریم کورٹ خاموش ہے378کھرب روپے لوٹ کر بیرون ممالک کے بنکوں میں منتقل کئے گئے ہیں جبکہ پنجاب میں356 کمپنیوں کی نیب میں انکوائری چل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک اربوں ڈالر لوٹ کر بیرون ممالک منتقل کرنے والے مگر مچھوں کا احتساب نہیں ہوتا ملک معاشی بد حالی سے نہیں نکل سکتا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ایک کروڑ نوجوانوں کو ملازمت دینے اور 50لاکھ لوگوں کو چھت مہیا کرنے کا اعلان خوش آئند ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی، گیس اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ اور اضافی ٹیکس سراسر ظلم ہے ۔ سابقہ حکومتوں کی طرح عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ ڈالنے کی روش کو ختم کرنا ہوگاعوام کو ریلیف دینے کی طرف توجہ دینی چاہئے غربت، مہنگائی، بے روزگاری نے پہلے ہی عوام کا جینا دو بھر کیا ہوا ہے حکومت کو ٹیکسوں میں اضافے کا مشورہ دینے والے حکومت کے خیر خواہ نہیں ان مشیروں کے مشورہ پر کان نہیں دھرنا چاہئے بلکہ مہنگائی، بے روزگاری میں کمی کرکے عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنی چاہئیں حکومت کوایسے اقدامات سے گریز کرنا چاہئے جس سے مہنگائی و بیروزگاری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بدحالی کی اصل وجہ سودی نظام ہے حکومت آئینی تقاضے پورے کرتے ہوئے سودی معیشت کا خاتمہ کرے۔انہوں نے کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں اور جماعت اسلامی کی دعوت کو لوگوں تک پہنچائیں۔