پسماندہ طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں،آصف مجید
رحیم یارخان(نمائندہ پاکستان)پاکستان تحریک انصاف معاشرے کے پسماندہ طبقات کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے گی ، ملک کو قرضوں کی دلدل سے باہر نکالنے کے لئے ہر محب وطن پاکستانی کو پی ٹی آئی کی حکومت کا ساتھ دینا ہو گا، ضلع رحیم یارخان کی تعمیر و ترقی اور(بقیہ نمبر31صفحہ12پر )
مساوی بنیادوں پر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چودھری آصف مجید نے پیپلزکالونی میں پی ٹی آئی وارڈ نمبر27کے صدروشن علی رحمانی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان واحد لیڈر ہیں جو پاکستان اور اس میں بسنے والے عوام کو نہ صرف بیرونی قرضوں سے نجات بلکہ ملکی خوشحالی کو بھی ممکن بنا سکتے ہیں، سابقہ حکومتوں نے عوامی فلاح و بہبود کے نام پر بیرون ممالک سے اربوں ڈالر قرض وصول کر کے ذاتی بینک بیلنس اور ناجائز اثاثے بنانے پرتمام تر توجہ مرکوز رکھی جس کی وجہ سے آج ہر پاکستانی لاکھوں روپے کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے ، سی پیک منصوبے سے جنوبی پنجاب بالخصوص ضلع رحیم یارخان کو بھر پور فائدہ اور روزگار میسر آئے گا۔اس موقع پر چودھری ظہور احمد گجرنے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا محور و مرکز عوامی خدمت کی سیاست ہے ،اہل رحیم یارخان نے پی ٹی آئی کے امیداروں پر ووٹ کی پرچی کے ذریعے جس اعتماد کااظہار کیا ہے اس پر پورا اترنے کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لائی جائیں گی۔ روشن علی رحمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری آصف مجید کا ماضی بے داغ اور عوامی خدمت کی سیاست پر مبنی ہے ، رحیم یارخان کے عوام نے قبضہ مافیا اور تھانہ کچہری کی سیاست کرنے والوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا ہے ،اب پی ٹی آئی کے منتخب اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اہل رحیم یارخان کی جانب سے دئیے جانے والے عوامی مینڈیٹ کے بدلے عوامی فلاحی منصوبے شروع کر کے اپنا فرض ادا کریں گے۔ انہوں نے ایم پی اے چودھری آصف مجید سے مطالبہ کیا کہ وہ علاقہ میں سیوریج کے نظٓام کی بہتری اور گورنمنٹ تعمیر ملت گرلز ہائی سکول کا عقبی گیٹ کھلوائیں تاکہ سکول میں زیر تعلیم طالبات کو پریشانی اورلمبی مسافت سے بچایا جا سکے۔ اس موقع پروارڈ نمبر27 کے نائب صدر عبدالحمید رحمانی، جنرل سیکرٹری ملک ماجد، حافظ عبدالشکور، محمدعاصم رحمانی، خورشید رحمانی، افضل کمبوہ، جاوید ملک،شہباز رحمانی، جام عابد، محمدعثمان سمیت اہل علاقہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔
آصف مجید