ن لیگ کے سردارفیض ٹمن کے دستبردارہونیکی اصل صورتحال سامنے آگئی

ن لیگ کے سردارفیض ٹمن کے دستبردارہونیکی اصل صورتحال سامنے آگئی

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)مسلم لیگ ن کے سردار فیض ٹمن کے دستبردار ہونے کی صحیح صورتحال سامنے آگئی ہے، سردار فیض ٹمن نے کاغذات نامزدگی داخل کراتے ہوئے مسلم لیگ ن کی ہائی کمان سے یہ وعدہ لیا تھا کہ الیکشن میں پارٹی مالی امداد فراہم کریگی۔ سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال نے بتایا کہ سردار فیض ٹمن نے جمعہ کی شام کو بیگم کلثوم نواز کے نماز جنازہ میں بھی شرکت کی تھی اور انہوں نے دستبرداری کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی، سردار فیض ٹمن کا اسرار تھا کہ پارٹی ہائی کمان سے انہیں فنڈ دلوایا جائے تاکہ وہ انتخابی مہم شروع کرسکیں۔ سابق ایم پی اے ملک شہریار اعوان نے سردار فیض ٹمن کو تسلی کروائی کہ پارٹی الیکشن کیلئے مالی امداد فراہم کریگی مگر چونکہ کلثوم نواز کا انتقال ہوا ہے تو لہٰذا د وچار روز کے بعد اس حوالے سے بات کریں گے۔ ملک سلیم اقبال بتاتے ہیں کہ رات کوہم تلہ گنگ واپس آرہے تھے تو موٹر وے پر ہی اطلاع ملی کہ سردار فیض ٹمن چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہٰی کی رہائشگاہ پر چلے گئے ہیں اور انہوں نے معاملات طے کرلیے ہیں، ملک سلیم اقبال نے بتایا کہ یقیناًڈیل ہوئی ہے اور حسب سابق سردار غلام عباس کی طرف سردار فیض ٹمن کو بھی آنے والے بلدیاتی انتخابات میں ایڈجسٹ کرنے کا لالی پاپ دیا گیا ہے۔ ملک سلیم اقبال نے افسوس کااظہار کیا کہ ہمیں فیض ٹمن پر پورا بھروسہ تھا اور یہی وجہ ہے کہ ہم نے متبادل امیدوار کے کاغذات نامزدگی بھی داخل نہیں کروائے تھے۔ سلیم اقبال نے بتایا کہ سردار منصور ٹمن آئندہ 48گھنٹے میں سردار فیض ٹمن کی حمایت میں پریس کانفرنس کرنے والے تھے اور سردار منصور ٹمن نے ہی اس خدشے کا اظہار کیا کہ سردار فیض ٹمن اور چوہدری برادران گجرات کے درمیان معاملات چل رہے ہیں۔ ملک سلیم اقبال نے اس یقین کااظہار کیا کہ اگر تحریک لبیک یارسول اللہ کے امیدوار میدان میں رہے تو یقینی طو رپر مسلم لیگ ن کا سارا ووٹ میجریعقوب سیفی کو ملے گا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر