پاکستان ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا،مسافروں کو مشکلات کا سامنا

پاکستان ریلوے کا بکنگ نظام بیٹھ گیا،مسافروں کو مشکلات کا سامنا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان ریلویز کا ملک بھر میں بکنگ کا نظام بیٹھ گیا جس کے باعث تمام بڑے اسٹیشنز پر مسافروں کی قطاریں لگ گئیں تاہم چندگھنٹوں کے بعد بحال کردیاگیا۔ذرائع کے مطابق ملک بھرمیں ریلوے کابکنگ نظام بیٹھ گیا، بیک اپ نظام کی مدد سے چند اسٹیشنز پر کام جاری رہا تاہم کراچی سٹی اورحیدرآباد کے علاوہ کراچی ڈویژن میں تمام جگہ بکنگ بند کردی گئی۔سسٹم بیٹھ جانے کی وجہ سے ملک کے مختلف بڑے شہروں کے اسٹیشنز پر سیٹوں کی بکنگ کے لیے آئے ہوئے مسافروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ڈی سی او ریلوے اسحاق بلوچ نے سسٹم میں پیدا ہونے والی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ لاہورسیلنک ڈاؤن ہوا جس کے باعث بکنگ نہیں ہوپارہی۔انہوں نے بتایا کہ کراچی کا سسٹم ٹھیک تو ہے مگر لنک بند ہونے کی وجہ سے کینٹ،ڈرگ روڈ اور لانڈھی اسٹیشنز پربکنگ بند کردی گئی تاہم صرف سٹی اسٹیشن پر ٹکٹس کی بکنگ کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کی آئی ٹی ماہرین کی ٹیم نے چندگھنٹوں کی کوشش کے بعد بکنگ سسٹم کو بحال کردیا۔اسحاق بلوچ نے بتایا کہ سسٹم میں خرابی پی ٹی سی ایل فائبر آپٹک لنک بیٹھ جانے کے باعث پیش آئی۔واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی سروس میں بہتری آنے کے بعد اندرونِ شہر جانے والے مسافر بذریعہ ٹرین سفر کرتے ہوئے جو انہیں سستا اور آسان پڑتا ہے۔