کلر سیداں سے دو شادی شدہ خواتین کو مبینہ طور پر اغواء کرلیاگیا

کلر سیداں سے دو شادی شدہ خواتین کو مبینہ طور پر اغواء کرلیاگیا

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر) کلر سیداں کے نواحی علاقہ سے دو شادی شدہ خواتین کو مبینہ طور پر اغواء کر لیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ۔ارشد محمود بھٹی سکنہ ڈھوک بابا جماعت والی داخلی ٹکال نے پولیس کو بتایا کہ میرا بھائی امجد بیرون ملک مقیم ہے جبکہ اس کی 16/17 سالہ بیوی میرے پاس رہائش پذیر ہے۔مورخہ 24 اگست ،میں جمعہ کی نماز پڑھنے کیلئے مسجد میں گیا،قریب 3 بجے گھر واپس آیا تو میری بیوی بعمر 29 سال اور بھابھی گھر سے غائب تھیں جن کی اپنے طور تلاش و پتہ جوئی شروع کر دی۔مورخہ 28 اگست ،میری بیوی گھر واپس آ گئی جس نے مجھے بتایا کہ مورخہ 24 اگست بوقت 3 بجے دن،مسمی ندیم سکنہ دیہہ اپنی ٹیکسی لے کر آیا اور ہم دونوں کو زبردستی گاڑی میں بیٹھا کر کلر سیداں لے گیا جہاں سے ٹیوٹا ہائی ایس میں بیٹھا کر راولپنڈی اور راولپنڈی سے جھنگ شہر لے گیا۔جھنگ شہر میں ندیم کی والدہ اور دیگر عزیز رہائش پذیر ہیں جہاں ہمیں ان کے پاس رکھا گیا اورچار دن بعد ندیم نے مجھے گاڑی میں بیٹھا کر واپس گھر بھیج دیا جبکہ مسماۃ (ف) کو اپنے پاس ہی رکھ لیا جسے وہ واپس کرنے سے انکاری ہے ۔رئیس بشیر ولد محمد بشیر سکنہ جوچھہ ممدوٹ نے پولیس کو بیان دیا میں نے کلر سیداں میں کرایہ کی دکان میں سٹوڈیو قائم کر رکھا ہے جہاں مووی میکرز کا سامان بھی فروخت کرتا ہوں۔گزشتہ روز دن ایک بجے گاہکوں میں مصروف تھا کہ اسی دوران مجھے پیسوں کی ریزگاری کی ضرورت پڑ گئی جس کیلئے مجھے دکان سے باہر جانا پڑا۔ریزگاری لے کر جب واپس آیا تو دکان میں مووی کیمرہ مالیتی تین لاکھ بیس ہزار روپے موجود نہ تھا۔مختلف دکانوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو چیک کرنے پر مسمی ابو زاہد سکنہ سرگودھا کو دکان سے مووی کیمرہ چوری کرتے دیکھا گیااور جاتے ہوئے اسے میرے ملازم محمد زبیر نے بھی دیکھا۔اس سے قبل بھی وہ ہماری دکان پر متعدد بار آ چکا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر