کم لاگت رہائشی منصوبے عوام کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں:گورنر سندھ

کم لاگت رہائشی منصوبے عوام کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں:گورنر سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کم لاگت رہائشی منصوبے بڑے شہروں میں عوام کے لئے رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے لئے انتہائی ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے اراکین کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اس مسئلہ کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں اور وہ جلد اس ضمن میں حکومتی اقدامات کا اعلان کریں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں پلاننگ کے بغیر آبادی کے پھیلاؤ کے باعث شہری مسائل پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہ خصوصاً پلاننگ کے بغیر آباد ہونے والی آبادی میں سہولتوں کا فقدان وہاں رہائش پذیر عوام کے لئے مشکلات کا باعث ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں آباد اہم کردار ادا کرسکتی ہیں کیونکہ اس کے پاس تکنیکی مہارت موجود ہے، اور وہ رہائشی مسئلہ کو بہت حد تک حل کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ آباد کے اراکین کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ گورنر سندھ نے اس موقع پر ہاؤسنگ سیکٹر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر