گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چکوال میں ایمرجنسی ماک ایکسرسائیز

گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چکوال میں ایمرجنسی ماک ایکسرسائیز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1 چکوال سائرن اور دھماکوں کی آواز سے گونج اُٹھا۔تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ آف پنجاب اور ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد کی ہدایات پر سول ڈیفنس آفیسرچکوال طالب حسین کے زیر اہتمام ایک ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کا اہتمام کیا گیا ۔ جس میں تمام الائیڈ سروسز نے بھرپور حصہ لیااور بروقت رسپانس کیا ۔ ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کے موقع پر ، سول ڈیفنس کے رضا کاران اور ریسکیو 1122 نے زخمیوں کو فوری ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور انہیں بروقت ہسپتال منتقل کیا۔اس موقع پر چھوٹے پیمانے پر لگی آگ بڑی تیزی سے بھڑکی اُٹھی ، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے اردگرد کی چیزوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ بعدازاں فائر بریگیڈٹی ایم اے اور سول ڈیفنس کے تربیت یافتہ رضاکاران نے اپنی مدد آ پ کے تحت نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ مزید نقصان ہونے سے بلڈنگ اور املاک کوبچایا۔ ایمرجنسی ماک ایکسر سائزکے دوران سو ل ڈیفنس بم ڈسپوزل اسکواڈ ، ٹریفک پولیس ، ایلیٹ فورس ، ریسکیو 1122،ٹیلی فون ، سوئی گیس، واپڈا ،CTDاور ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن و سپیشل برانچ ودیگر ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹس سے فوری طور پر رابطہ کیا اور امداد طلب کی۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ سول ڈیفنس، فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 کی ایمبولینس اور دیگر محکموں نے جائے وقوعہ پر فوراًرپورٹ کی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد مہیا کی اور انہیں قریبی ہسپتال میں شفٹ کیا گیا ۔ سول ڈیفنس کے بم ڈسپوزل سکواڈ نے فوراً جائے وقوعہ کی سرچنگ اور سویپنگ کے دوران دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنایا۔ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کے دوران ریسکیو1122نے چھوٹے پیمانے پر لگائی گئی آگ بجھانے کا عملی مظاہرہ کیا۔ ایمر جنسی ماک ایکسر سائز کے دوران ایلیٹ پولیس کمانڈوزنے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے انہیں پکڑ لیا۔ ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کے اختتام پرڈپٹی کمشنر چکوال وڈسٹرکٹ کنٹرولر سول ڈیفنس غلام صغیر شاہدنے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اس ایمرجنسی ماک ایکسر سائز کو سراہا اور تمام محکموں کے کوئیک رسپانس پر خراج تحسین پیش کیااور کہاکہ بدقسمتی سے ہمارا ملک دہشتگردی سے دوچار ہے۔ اس ایکسائز سے نہ صرف بچیوں کے دل سے خوف نکلا ہے بلکہ ان میں خود اعتمادی کے ساتھ عملی طور پر امدادی کاموں میں شریک ہونے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سول ڈیفنس سارا سال مختلف اداروں جن میں سکول،کالجز میں نہ صرف شہری دفاع کی تربیت بلکہ عملی مظاہرے بھی کر رہا ہے تاکہ ہر شہری کی تربیت ہو سکے ۔اس موقع پر چیف وارڈن سول ڈیفنس راجہ مجاہد افسرنے کہا کہ اس ایمرجنسی ماک ایکسائز کا مقصد کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں زیادہ بہتر سے بہتر طور پر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام محکموں کو اس قابل بنانا ہے کہ اگر کسی بھی مقام پر کسی بھی قسم کی ایمرجنسی ہوجاتی ہے تو اُس ایمرجنسی کے دوران تمام محکموں نے کس طرح کام کرنا ہے انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1چکوال کی بورڈ میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کے لئے گولڈ میڈل دینے کا بھی اعلان کیا۔پرنسپل گورنمنٹ گرلز ہائی سکول نمبر1 چکوال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی اس ماک ایکسائز سے اساتذہ اور طلبات کو ایمرجنسی کی صورت میں حالات سے نبٹنے کیلئے موثر تربیت حاصل ہوئی۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر چکوال کو چیف وارڈن سول ڈیفنس راجہ مجاہد افسر نے شیلڈ پیش کی۔