حلقہ این اے 65، ضمنی الیکشن ،ن لیگی امیدوار ق لیگ کے حق میں دستبردار

حلقہ این اے 65، ضمنی الیکشن ،ن لیگی امیدوار ق لیگ کے حق میں دستبردار

چکوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر) حلقہ این اے65کے ضمنی الیکشن میں ڈرامائی تبدیلی، مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار اور ٹکٹ ہولڈر سردار فیض ٹمن آخری مرحلے میں مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین کے حق میں دستبردار ہوگئے، چوہدری سالک حسین سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کے صاحبزادے ہیں اور چوہدری شجاعت حسین نے خرابی صحت کی وجہ سے اپنے آپ کو پیچھے ہٹا لیا ہے اور اب چوہدری سالک حسین مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوا رہیں۔ سردار فیض ٹمن کے دستبردارہونے سے چوہدری سالک حسین کی کامیابی یقینی ہوگئی ہے۔ سردار فیض ٹمن نے25جولائی کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر ایک لاکھ چھ ہزار ووٹ لیے تھے اور وہ مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی جنہیں پی ٹی آئی کی بھی حمایت حاصل تھی ایک لاکھ 57ہزار ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے۔ چوہدری پرویز الہٰی کے سپیکر پنجاب اسمبلی بننے پر یہ نشست خالی ہوئی ہے اور14اکتوبر کو یہاں پر ضمنی الیکشن ہونا ہے۔ پیپلزپارٹی، متحدہ مجلس عمل نے اس ضمنی الیکشن میں اپنا کوئی امیدوار میدان میں نہیں اتارا ہے البتہ تحریک لبیک یارسول اللہ میجر(ر) یعقوب سیفی میدان میں ہیں اور یعقوب سیفی نے25جولائی کے عام انتخابات میں26ہزار سے زائدووٹ لیکر سیاسی حلقوں کی توجہ حاصل کر لی تھی۔ پی ٹی آئی کے دو امیدوار پہلے ہی اس ضمنی الیکشن میں اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے چکے ہیں اور اس وقت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے قاضی عامر بھی میدان میں ہیں، لہٰذا مسلم لیگ ق کا الیکشن تقریباً یکطرفہ ہوگیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ ن لیگ کے امیدوار فیض ٹمن کو دستبردار کرانے میں معروف صحافی ملک اظہر فاروق کا کردار اہم رہا چودھری شجاعت حسین کی ہدایت پر ملک اظہر فاروق فیض ٹمن سے چند روز سے رابطے میں تھے ایک روز قبل اسلام اباد کے مقامی ہوٹل میں دونوں کی طویل ملاقات میں فیض ٹمن الیکشن سے دستبردار ہونے پر آمادہ نظر آئے اور ایک ابتدائی فارمولے پر با چیت ہو ئی رات گئے ملک اظہر فاروق نے چوہدری برادران کو مثبت پیش رفت کی رپورٹ دی جس کے بعد گزشتہ رات لاہور میں براہ راست ملاقات اور مذاکرات کا اہتمام کیا گیا اس ملاقات میں فیض ٹمن نے الیکشن سے باضابطہ دستبردار ہو نے کا فیصلہ کیا۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر