خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، 15 مسافر زخمی، میانوالی ریل کار سمیت پنڈی سیکشن پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل

خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، 15 مسافر زخمی، میانوالی ریل کار سمیت ...
خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی، 15 مسافر زخمی، میانوالی ریل کار سمیت پنڈی سیکشن پر گاڑیوں کی آمدورفت معطل

  

میانوالی (ڈیلی پاکستان آن لائن) مسان ریلوے سٹیشن کے قریب خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی جبکہ ٹرینوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے۔ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق میانوالی کے نواح میں مسان ریلوے سٹیشن کے قریب پشاور جانے والی خوشحال خان ایکسپریس پٹری سے اتر گئی ۔ حادثے میں ٹرین کا انجن اور 7 بوگیاں الٹ گئیں جس کے نتیجے میں 15 مسافر زخمی ہوگئے۔ ٹرین کی بوگیاں الٹنے سے ٹریک بند ہوگیا اور پنڈی سیکشن پر ریل گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی ہے جبکہ 2 روز قبل ہی میانوالی کیلئے چلائی جانے والی ریل کار بھی بند ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مسان ریلوے سٹیشن کی طرف جانے کے لیے زمینی راستہ نہیں ہے جس کے باعث ریسکیو کے کام میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ علاقے کا دوسرے علاقوں سے رابطہ قائم کرنے والا پل بھی ٹوٹا ہوا ہے جس کے باعث ہیوی مشینری پہنچانے کے لیے کڑی تگ و دو کرنا پڑے گی ۔ ذرائع کا کہنا ہے ریسکیو کا کام شروع کردیا گیا ہے اور ابتدائی طور پر زخمیوں کو طبی امداد دی جارہی ہے تاہم ریلوے ٹریک کی بحالی میں کئی گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ دوسری جانب ریسکیو حکام نے کندیاں سٹیشن سے امدادی کرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کردی ہے۔ ریسکیو انچارج کا کہنا ہے کہ ٹرین کو حادثہ صبح 5 بجے پیش آیا اور جس جگہ پر ٹرین الٹی ہے وہاں صرف ریلوے ٹریک کے ذریعے ہی پہنچا جاسکتا ہے۔

مزید : Breaking News /اہم خبریں /قومی /علاقائی /پنجاب /میانوالی