شام میں جنگ ختم ہو چکی،حالات معمول کی طرف لوٹ رہے ہیں:روسی وزیر خارجہ

شام میں جنگ ختم ہو چکی،حالات معمول کی طرف لوٹ رہے ہیں:روسی وزیر خارجہ

ماسکو (این این آئی)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف نے کہاہے کہ شام میں جنگ ختم ہو چکی ہے اور وہاں حالات دھیرے دھیرے معمول کی پر امن زندگی کی طرف لوٹ رہے ہیں۔روسی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اب صرف ادلب اور دریائے فرات کے مشرقی کنارے جیسے علاقوں میں کشیدگی کے بادل چھائے ہوئے جو شامی حکومت کے زیر کنٹرول نہیں ہیں۔روسی وزیر خارجہ کے مطابق اس وقت توجہ کا مرکز انسانی امداد پیش کرنا اور سیاسی عمل کو حرکت میں لانا ہے تا کہ بحران کو حل کر کے دائمی استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔لاؤروف نے غالب گمان ظاہر کیا کہ آئینی اصلاحات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی اس عمل کو آگے بڑھانے میں کردار ادا کرے گی جس کی قیادت شامیوں کے ہاتھوں میں ہو اور اقوام متحدہ کی مدد سے اس پر عمل درامد کیا جائے۔ روسی وزیر خارجہ کے مطابق ان کے ملک نے شام میں تمام فریقوں کے ساتھ رابطوں کو برقرار رکھا ہوا ہے جس میں اپوزیشن بھی شامل ہے تا کہ سیاسی عمل میں شامی معاشرے کے تمام طبقات کی وسیع ترین نمائندگی ممکن ہو سکے۔شامی حکومت پر پابندیوں کے حوالے سے لاؤروف کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں غیر تعمیری ہیں۔روسی وزیر خارجہ نے باور کرایا کہ شام کی خود مختاری اور اس کی سرزمین کی وحدت کا احترام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیل اس حوالے سے روس کے موقف کے ساتھ مکمل طور پر اتفاق کرتا ہے۔

مزید : عالمی منظر


loading...