سری لنکا کیخلاف سریز کیلئے تربیتی کیمپ کیلئے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کر دیا گیا ، عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ بھی ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )سری لنکا کیخلاف سریز کے تربیتی کیمپ کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیاہے اور تمام کھلاڑیوں کو 18 ستمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق تربیتی کیمپ کیلئے تمام ممکنہ کھلاڑیوں کے نام کا اعلان ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کیاہے ۔سری لنکا کیخلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوینٹی سیریز 27 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہے گی ۔تاہم سری لنکا کیخلاف ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی سیریز کیلئے حتمی سکواڈ کا اعلان 21 ستمبر کو کیا جائے گا ۔ممکنہ کھلاڑیوں کے نام درج ذیل ہیں :
کپتان سرفراز احمد، نائب کپتان بابراعظم ، عابد علی ، احمد شہزاد ، آصف علی ، فہیم اشرف ، فخر زمان ، عماد وسیم ، امام الحق ، محمد عامر ، محمد حسنین ، محمد نواز ، محمد رضوان ، شاداب خان ، عمر اکمل ، عثمان شنواری اور وہاب ریاض شامل ہیں ۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سری لنکا اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کر دیاہے جس میںہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق ، ٹیم آپریشنز اور لاجسٹک اینڈ ایڈمنسٹریٹو منیجر منصور رانا ، باولنگ کوچ وقار یونس ، فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن ، اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ آن کرکٹ شاہد اسلم ،فزیو تھراپسٹ کلف ڈیکن ، ٹرینر یاسر ملک ، سیکیورٹی منیجر برائے سری لنکا سیریز میجر ریٹائرڈ اظہر عارف ، سیکیورٹی منیجر برائے دورہ آسٹریلیا کرنل ریٹائرڈ عثمان انوری ، میڈیا منیجر رضا راشد ، اینالسٹ طلحہ بٹ اور مساجر ملنگ علی شامل ہوں گے ۔