’ وفاق سندھ میں یہ کام نہیں کرے گا ‘ صوبائی وزیر اطلاعات اسلم اقبال نے یقین دہانی کروادی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) صوبائی وزیر اطلاعات میاںاسلم اقبال نے کہا ہے کہ وفاق سندھ کی صوبائی خود مختاری کی میں مداخلت نہیں کرے گا اور آرٹیکل 149 کا نفاذ اگر کیا گیا تو بہت سوچ سمجھ کرکیا جائیگا ۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”آن دا فرنٹ “میں گفتگو کرتے ہوئے میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے جب پنجاب میں گورنر راج لگایا تھا توکیا سوچ سمجھ کر لگایا تھا؟ اس کی وضاحت کردینی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ وفاق سندھ کی صوبائی خود مختاری کی میں مداخلت نہیں کرے گا اور آرٹیکل 149کا نفاذ سوچ سمجھ کرکیا جائیگا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اصلاحاتی ایجنڈا لیکر آئے ہیں جس کے تحت ہم نے ملک میں کرپشن کے معاملات اور جو کرپشن ہوچکی ہے اس کودیکھناہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں دس ارب ڈالر کا قرضہ پہلی بار ایک سال میں واپس کیاگیا ہے ، اس سے پہلے یہ کبھی نہیں ہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میںدو ارب ڈالر کی سرمایہ کاری لاہور اور فیصل آباد میں آئی ہے ۔
میاں اسلم اقبال کا کہنات تھا کہ ٹیکس اکٹھا کرنے میں 15فیصد اضافہ ہواہے ، ٹیکس دینے والوں اور ٹیکس ریٹرن فائل کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ روپے کی قدر میں کمی اس لئے ہوئی کہ ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر برقرار رکھنے کیلئے زرمبادلہ کے ذخائر لگائے جاتے رہے تو روپے کی قدر تو کم ہونی ہی تھی ۔ ہم نے قرضہ لیاہی نہیں ہے ، ماضی کی حکومتوں نے ڈالروں میں قرضہ لیا۔