انصاف کی حکومت میں ہر طرف بے انصافی ہورہی ہے، ہمایوں خان 

انصاف کی حکومت میں ہر طرف بے انصافی ہورہی ہے، ہمایوں خان 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی کابینہ کے عہدیداروں نے صوبائی صدر ہمایون خان کے ہمراہ پارٹی کے تنظیمی امور سمیت صوبے کی مجموعی صورتحال پر تبالہ خیال کیاہے جبکہ متفقہ اعلامیہ میں ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں جاری بد امنی، مہنگائی و بے روزگاری پر موجودہ حکومت کو نا اہل قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ حالیہ قدرتی آفات کے واقعات میں صوبائی حکومت نے متاثرین کو اونٹ کے منہ میں زیرے برابر امداد بھی بہم فراہم نہیں کی۔اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی کابینہ کے عہدیداروں کا اہم اجلاس گزشتہ روز پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں ہوا جسکی صدارت ہمایون خان کررہے تھے جبکہ انکے ہمراہ اجلاس میں صوبائی نائب صدر ایوب شاہ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری اعجاز درانی، فنانس سیکرٹری فرزند وزیر، ڈپٹی انفارمیشن سیکرٹری گوہر انقلابی،پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمد کنڈی، پیپلز ڈاکٹر فورم، پیپلز لائرز فورم، پی ایس ایف اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔ اجلاس میں تمام صوبائی عہدیداروں نے صوبے میں پارٹی کے جاری امور بارے صوبائی صدر سے بات چیت کی اور مختلف معاملات پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں موجودہ ملکی صورتحال پر بھی اظہار خیال کیا گیا جس میں سیلاب کی حالیہ تباہ کاری اور ضلع مہمند میں تودہ گرنے کے واقعے پر حکومتی اقدامات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ ہمایون خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور مہمند کے متاثرین کے ساتھ ملاقاتیں کیں ہیں اور حالات کا مکمل جائزہ لیا ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ مشکل حالات میں ان متاثرین کی وہ مدد نہیں کی گئی جو انکا حق بنتی ہے۔ کابینہ اجلاس میں صوبائی حکومت کے اقدامات کو اونٹ کے منہ میں زیرہ برابر قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ انصاف کی حکومت میں ہر شعبہ ہر مکتبہ فکر کے ساتھ نا انصافیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری نے غریب کا خون نچوڑ کر رکھ دیا ہے جبکہ آٹے، گھی، دال اور چینی جیسی بنیادی ضروریات بھی اب غریب عوام کی دسترس سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ انہی حالات کی وجہ سے ملک میں معاشرتی نظام انتہائی بگاڈ کی جانب روانہ ہے۔ اجلاس میں پارٹی کے ڈی آئی خان سے عہدیدار محمد حنیف کی وفات پر انکے ایثال ثواب کے لیے دعا بھی کی گئی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -