جب تک درندون کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا، جرائم پرقابو نہیں پایاجا سکتا: سراج الحق

  جب تک درندون کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا، جرائم پرقابو نہیں پایاجا سکتا: ...

  

 لاہور(این این آئی) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ پاکستان ایک جمہوری عمل کے ذریعے بناتھا مگر 73سال میں یہاں جمہوریت کو قدم نہیں جمانے دیے گئے، ملک پر 35سال آمریت رہی اور باقی آدھا عرصہ جمہوریت کے نام پر شخصی حکومتیں مسلط رہیں، ملک میں جمہوریت یرغمال ہے اور انتخابی نظام اور ووٹرز آزاد نہیں، جمہوریت پر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے اپنی دولت کے بل بوتے پر قبضہ کر رکھاہے۔عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ شفاف اور غیر جانبدارانتخابی نظام کے بغیر جمہوری اقدار پنپ نہیں سکتیں۔ اقتدار کے ایوانوں پر اشرافیہ اور ارب پتیوں کا قبضہ ہے انہی کے بیٹے اور پوتے اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں۔ غریب کے لیے اسمبلیوں میں پہنچنا ممکن نہیں۔دریں اثنا منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اب بھی پیپلز پارٹی، ن لیگ اور مشرف دور کا ظلم و جبر کا نظام ہے۔ تبدیلی صرف یہ آئی ہے کہ رشوت اور کرپشن بڑھ گئی ہے اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے۔ کسی غریب کو تعلیم، صحت، ر وزگار ملتاہے نہ عدالتوں سے انصاف، مزدور اور کسان سارادن خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود پیٹ بھر کر کھانے سے محروم ہیں۔ امن و امان کی صورتحال اتنی مخدوش ہے کہ مائیں بہنیں بیٹیاں گھروں میں بیٹھے ہوئے بھی خوف و ہراس کا شکا ر ہیں۔

سراج الحق 

مزید :

صفحہ آخر -