اے پی سی بے وقت کی راگنی، اپوزیشن کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے: عثمان بزدار

        اے پی سی بے وقت کی راگنی، اپوزیشن کی سیاست ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ...

  

 لاہور (جنرل رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آج ایک تاریخی موقع ہے جب پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے منصوبے کا خواب عملی تعبیر میں بدل رہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان نے راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ  کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا ہے -وہ کالا خطائی کے مقام پر راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے- وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سابق حکومت ماضی میں نمائشی منصوبوں پر توجہ دیتی رہی- سات برس قبل اس منصوبے کا پلان پیش کیا گیا مگرماضی کے حکمران اس کوشروع نہ کرسکے کیونکہ انکی ترجیحات میں عوام کی حقیقی تبدیلی لانے والے منصوبے شامل ہی نہیں تھے -انہوں نے کہا کہ آج لاہور کی پہچان بننے والا دریائے راوی گندے نالے میں بدل چکا ہے لیکن کسی کو اس کی فکر نہیں -لاہور میں زیر زمین پانی کی سطح میں خطرناک حد تک کمی آ گئی ہے -ہم دریائے راوی کی گزر گاہ میں 46کلو میٹر جھیل بنائیں گے -یہ ماحول دوست منصوبہ ہے،یہاں لگائے جانے والے 60لاکھ سے زائد پودے ماحولیاتی آلودگی میں واضح کمی لائیں گے-پانی کیلئے بیراج اورویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ بنائے جائیں گے-جھیل میں بارشوں کا وہ پانی ذخیرہ کیا جائے گا جو اس سے قبل ضائع ہو جاتا تھا- جھیل بننے سے نہ صرف دریا کا ایکو سسٹم بہتر ہوگا بلکہ زیر زمین پانی کا لیول بھی بحال ہوگا- اس جھیل سے تقریباً ایک ارب لیٹر پانی زیر زمین جائے گا اور آبی بخارات کی صورت میں موسم کو خوشگوار بنانے کا سبب بنے گا-46کلومیٹر طویل اور ہزاروں ایکڑ پر محیط راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ میں 12 مختلف سپیشلائزڈ سٹی بنائے جائیں گے-  اس پراجیکٹ میں 90 فیصد میٹریل مقامی طو رپر تیار شدہ استعمال ہو گا جس سے مقامی صنعت کو فروغ ملے گا اورمعیشت کو فائدہ پہنچے گا اور روز گار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے-سردارعثمان بزدارسے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان نے ملاقات کی جس میں  باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحا ل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ترقیاتی منصوبوں اور حلقوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی گئی- رکن پنجاب اسمبلی رانا شہبازاحمدبھی اس موقع پر موجود تھے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفرشروع ہو چکا ہے جسے رکنے نہیں دیں گے-ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دے رہے ہیں - انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاست صرف ذاتی مفادات کے گرد گھومتی ہے- اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی بے وقت کی راگنی ہے - پہلے بھی اے پی سی ناکام رہی اور اب بھی اے پی سی ناکام رہے گی- سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت نے ملاقات کی - ہاشم جواں بخت نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو محکمہ خزانہ کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی-صوبائی سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل بھی اس موقع پر موجود تھے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے محکمہ خزانہ کی دو سالہ کارکردگی کو سراہا-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے، غیر ضروری اخراجات میں مزید کمی، بچت اور کفایت شعاری کی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ  کوویڈ19کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے محکمہ خزانہ نے مؤثر حکمت عملی اختیار کی- محکمہ صحت کو اضافی وسائل کی فراہمی کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز کے اجراء کو یقینی بنایا -کوویڈ 19سے متاثرہ معیشت کو سہارا دینے کے لیے 56.5ارب سے زائد کا ٹیکس ریلیف پیکج دیا- کورونا متاثرین کے سماجی تحفظ کے لیے انصاف امداد پروگرام کے تحت اربوں روپے مہیا کیے -20سے زائدخدمات پر ٹیکس کی شرح 16فیصدسے کم کر کے 5فیصدکی اور شہری علاقوں میں سٹیمپ ڈیوٹی کی شرح5فیصد سے کم کر کے1فیصدکی-ای پنجاب موبائل/انٹرنیٹ اپلی کیشن کی مدد سے 12سے زائدسرکاری واجبات کی آن لائن ادائیگی کو ممکن بنایا -انہوں نے کہا کہ عبوری صوبائی مالیاتی کمیشن تشکیل دیا جا چکا ہے - پنجاب حکومت عام آدمی کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے نئے پروگرامز پر عملدرآمد کررہی ہے-احساس پنجاب پروگرام کے تحت کم وسائل رکھنے والے طبقے پر معاشی بوجھ کم کرنا ہمارا مشن ہے-پنجاب حکومت نے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے منفرد پروگرام شروع کیا ہے -سردار عثمان بزدارنے بہاولپور اورملتان میں سول سیکرٹریٹ کے ماڈل کی منظوری دے دی ہے-پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے دونوں سیکرٹریٹ کے ماڈل تیار کیے ہیں -وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب بہاولپور اورسول سیکرٹریٹ ساؤتھ پنجاب ملتان کو جدید ترین طرز پر تعمیر کیا جائیگا۔جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے اورجنوبی پنجاب کے دونوں سیکرٹریٹ کے منصوبوں کا سنگ بنیاد جلد رکھاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں پہلی بارترقی کانیا دورشروع ہوا ہے۔

سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -