کراچی:میری ٹائم کی کارروائی،2700کلو منشیات برآمد 

          کراچی:میری ٹائم کی کارروائی،2700کلو منشیات برآمد 

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی اور پاکستان کسٹم نے سمندر میں آپریشن کے دوران کشتی سے 2700کلوگرام منشیات برآمد کرکے 8ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق  پی ایم ایس اے کے طیارے نے معمول کی گشت کے دوران اپنی سمندری حدود میں ایک مشکوک کشتی کی نشاندہی کی جو کہ ماہی گیروں کی کشتیوں کے درمیان میں چھپی  ہوئی تھی۔ جس پر پی ایم ایس اے کے جہاز کوفورا روانہ کیا گیا۔  جہاز کشتی کی جانب گامزن ہوا۔  مشتبہ کشتی نے جب پی ایم ایس اے کے جہاز کو آتے دیکھا تو وہ کھلے سمندر کی طرف بڑھنے لگی۔ اس نے فرار ہونے کی بھرپور کوشش کی لیکن وہ ناکام رہی اور جب اسمگلرز کو یقین ہو گیا کہ وہ پکڑے جائیں گے توا سمگلرز نے شواہد کو ختم کرنے کے لئے کشتی کو آگ لگا دی اور خود کھلے سمندر میں کود پڑے۔ پی ایم ایس اے کے جہاز نے آگ بجھانے کے لئے پوری کوشش کی لیکن آگ زیادہ  پھیلنے کی وجہ سے کشتی سمندر میں ڈوب گئی۔  پی ایم ایس اے کے جہاز نے امدادی کارروائی کرتے ہوئے تمام8 اسمگلروں کو سمندر سے نکال کر اپنی حراست میں لے لیا۔ اس کے علاوہ تقریبا 2700 کلو گرام منشیات(چرس) بھی اپنے قبضے میں لے لی جو کہ پانی پر تیر رہی تھی۔بین الاقوامی منڈی میں منشیات کی مالیت 820 ملین پاکستانی روپے ہے۔ پکڑی گئی منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لئے پاکستان کسٹم کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کا گزشتہ ایک ہفتے میں اسمگلنگ کے خلاف یہ تیسرا کامیاب آپریشن ہے۔ اس سے قبل دو کاروائیوں کے نتیجے میں ایرانی  ڈیزل کی غیر قانونی اسمگلنگ کو ناکام بنایا گیا۔

مزید :

صفحہ اول -