جمہوریت پرجاگیر داروں، وڈیروں، سرمایہ داروں کاقبضہ، سراج الحق 

  جمہوریت پرجاگیر داروں، وڈیروں، سرمایہ داروں کاقبضہ، سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 ملتان(پ ر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے بیان میں کہاہے کہ پاکستان ایک جمہوری عمل کے ذریعے بناتھا مگر 73سال میں یہاں جمہوریت کو قدم نہیں جمانے دیے گئے۔ ملک پر 35سال آمریت رہی اور باقی آدھا عرصہ جمہوریت کے نام پر شخصی حکومتیں مسلط رہیں۔ ملک میں جمہوریت یرغمال ہے اور انتخابی نظام(بقیہ نمبر24صفحہ10پر)
 اور ووٹرز آزاد نہیں۔ جمہوریت پر جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے اپنی دولت کے بل بوتے پر قبضہ کر رکھاہے۔ شفاف اور غیر جانبدارانتخابی نظام کے بغیر جمہوری اقدار پنپ نہیں سکتیں۔ اقتدار کے ایوانوں پر اشرافیہ اور ارب پتیوں کا قبضہ ہے انہی کے بیٹے اور پوتے اسمبلیوں میں پہنچتے ہیں۔ غریب کے لیے اسمبلیوں میں پہنچنا ممکن نہیں۔دریں اثنا منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں اب بھی پیپلز پارٹی، ن لیگ اور مشرف دور کا ظلم و جبر کا نظام ہے۔ تبدیلی صرف یہ آئی ہے کہ رشوت اور کرپشن بڑھ گئی ہے اور روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیاہے۔ کسی غریب کو تعلیم، صحت، ر وزگار ملتاہے نہ عدالتوں سے انصاف، مزدور اور کسان سارادن خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود پیٹ بھر کر کھانے سے محروم ہیں۔ امن و امان کی صورتحال اتنی مخدوش ہے کہ مائیں بہنیں بیٹیاں گھروں میں بیٹھے ہوئے بھی خوف و ہراس کا شکا ر ہیں۔ انہوں نے کہاکہ المیہ یہ ہے کہ حکمران ناکامی تسلیم کرنے کی بجائے کامیابیوں کے دعوے کر رہے ہیں۔ حکمرانوں کے یہ دعوے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت میں کرپشن رشوت اور جرائم میں اضافہ ہوا۔ آئے روز بچیوں کا اغوا،بداخلاقی اور قتل، لگتاہے ملک میں کوئی حکومت نہیں۔ اب تو چوک چوراہے اور شاہراہیں بھی محفوظ نہیں۔ جب تک درندوں کو پھانسی پر نہیں لٹکایا جاتا، جرائم پر قابو نہیں پایا جاسکتا۔ درندگی کے بڑھتے ہوئے واقعات معاشرے کو تباہی کی طرف لے جارہے ہیں۔ حکومت رٹ کہیں نظر نہیں آتی، چاروں طرف مایوسی کے اندھیروں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک کو پے در پے بحرانوں کا سامناہے ان بحرانوں سے نجات کے لیے اللہ کے نظام کے نفاذ کے بغیر کوئی چارہ کار نہیں۔ جب تک ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی نہیں بنایا جاتا، عوام کی جان و مال اور عزت کا تحفظ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیؐ کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سرا ج الحق نے کہاکہ قوم کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں پوچھتی ہیں کہ وہ وزیراعظم جو ٹیپو سلطان بننے کی باتیں کرتے تھے وہ کہاں ہیں۔ لاہور کا سانحہ انتہائی دردناک اور شرمناک ہے۔ ایک بیٹی رات کے وقت حکومت اور ریاست کو پکارتی رہی مگر حکومت سوئی رہی اور اس بیٹی پر قیامت گزر گئی۔ یہاں افسوس کا مقام یہ کہ کچھ سینیٹر آئے، ایف اے ٹی ایف پر اپنی تجاویز دیں اور باہر چلے گئے ان کا رویہ بتا رہاتھاکہ ایک خاتون سے ہونے والی بداخلاقی کے واقعہ سے ان کو کوئی سروکار نہیں وہ بس ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے اپنا فرض ادا کرنے آئے تھے۔
سراج الحق