نیب آفس ہنگامہ آرائی کیس، رانا ثنا اور کیپٹن صفدر کی ضمانتوں میں 22 ستمبر تک توسیع، سیف سٹی اتھارٹی کی فوٹیجز اکٹھی کرنے کاحکم
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)انسداد دہشتگردی عدالت نے نیب آفس کے باہر ہنگامہ آرائی کیس میں راناثنااللہ اور کیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر ملزموںکی ضمانتوں میں 22 ستمبر تک توسیع کردی اور آئندہ سماعت پولیس کو گرفتاری سے روک دیا،عدالت نے پولیس کو سیف سٹی اتھارٹی کی فوٹیجز اور واقعے کے دیگر تمام شواہد بھی اکٹھے کرنے کا حکم دیدیا۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت میں مریم نواز کی نیب آفس میں پیشی کے موقع پر ہنگامہ آرائی کیس کی سماعت ہوئی ،عدالت نے لیگی رہنما رانا ثنا اللہ کی آج کی حاضری معافی کی درخواست منظورکرتے ہوئے پولیس کو سیف سٹی اتھارٹی کی فوٹیجزاور واقعے کے دیگر تمام شواہد بھی اکٹھے کرنے کا حکم دیدیا
عدالت نے راناثنااللہ اور کیپٹن (ر)صفدر سمیت دیگر ملزموںکی ضمانتوں میں 22 ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت تک پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔
وکیل کیپٹن صفدر نے استدعا کرتے ہوئے کہاکہ کہاکہ کیپٹن صفدر نے 23 ستمبرکو اسلام آبادہائیکورٹ میں پیش ہونا ہے ،23 ستمبر کے بعد کی کوئی تاریخ مقرر کردیں ، عدالت نے کہاکہ اگر22 ستمبر کو پیش ہونے کے بعد پیدل بھی جائیں تو اسلام آباد پہنچ جائیں گے ۔