کرکٹ سے جڑی کون سی اہم شخصیات آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گی؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

کرکٹ سے جڑی کون سی اہم شخصیات آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گی؟ تفصیلات منظرعام ...
کرکٹ سے جڑی کون سی اہم شخصیات آج وزیراعظم سے ملاقات کریں گی؟ تفصیلات منظرعام پر آ گئیں

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اہم معاملات پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے آج اسلام آباد میں ملاقات کریں گے جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان، تین سابق اور ایک موجودہ کپتان بھی ملاقات کریں گے۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان پی سی بی کے پیٹرن انچیف بھی ہیں جن سے ملاقات کرنے والے تین سابق کپتانوں میں وسیم اکرم، مصباح الحق اور محمد حفیظ کے ہمراہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بھی شامل ہیں۔ ملاقات کیلئے ٹی 20 کرکٹ میں 2000 ہزار رنز اور 50 وکٹ لینے والے محمد حفیظ نے خصوصی درخواست کی تھی، محمد حفیظ ڈومیسٹک کرکٹ میں ڈیپارٹمنٹ کرکٹ کے ختم ہونے اور کرکٹرز کے روزگار کیلئے وزیر اعظم عمران خان سے اہم گفتگو کریں گے۔ 

محمد حفیظ اور سابق کرکٹرز کی یہ ملاقات کووڈ 19 اور دورہ انگلینڈ کے سبب دو ماہ قبل ہوتے ہوتے رہ گئی تھی، محمد حفیظ کے ہمراہ ملاقات میں شریک قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق اب بھی سوئی ناردن گیس کے ساتھ منسلک ہیں۔ لیجنڈری فاسٹ باﺅلر وسیم اکرم وزیر اعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا حصہ ہیں، وہ آج بھی پی آئی اے کے ساتھ ہیں۔

احسان مانی کے چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد پاکستان فرسٹ کلاس کرکٹ سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو بند کرکے 6 ٹیموں کا فرسٹ کلاس نظام متعارف کروایا گیا تھا جس پر گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے سے لگ بھگ ایک ارب سے زائد کی رقم خرچ ہوگی۔

وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں محمد حفیظ ساتھی کرکٹرز کے ہمراہ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بند ہونے کے سبب کرکٹرز کو روزگار کے حوالے سے پیش آنے والی مشکلات اور ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان کو قائل کرنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کے خلاف ہیں اور ان کا موقف ہے کہ اداروں کے بجائے ریجنز کی ٹیمیں ہونی چاہئیں کیونکہ اس سے مقابلے کی فضا بنتی ہے۔ اس سے قبل وزارت عظمیٰ کا عہدے سنبھالنے کے بعد اگست 2018ءمیں بھی ورلڈکپ 1992ءکی فاتح ٹیم کے کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان نے ملاقات کی تھی جس دوران مرحوم عبدالقادر نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی حمایت میں کھل کر بات کی تھی لیکن وزیراعظم عمران خان ان کی باتوں سے متفق نہیں تھے۔

مزید :

کھیل -